بوٹ کالونی کھنہ بل میں دوران شب آگ کی ہولناک واردات رونما

8رہائشی ڈھانچے جل کر خاکستر ، لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل

سرینگر // موسم سرما کے دوران آگ کی بڑھتی وارداتوں کے چلتے جنوبی ضلع اننت ناگ کی بوٹ کالونی کھنہ بل علاقے میں دوران شب آگ کی واردات میں 8رہائشی ڈھانچے جل کر خاکستر ہوگئے اور ان میںموجود سارا ساز و سامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا جبکہ ایک درجن کے قریب کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کو اس ضمن میں نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کھنہ بل اننت ناگ کی بوٹ کالونی میںدوران شب اس وقت سنسنی اور افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات رونما ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے ساتھ ہی وہاں افر ا تفری پھیل گئی جس کے بعد مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کو معطع کیا جنہوںنے علاقے میں پہنچ کر آگ بجھانے کیلئے کارورائی شروع کر دی اور جب تک آگ پر قابو پا لیا گیا تب تک کم سے کم آٹھ رہائشی ڈھانچے جل کر خاکستر ہوگئے تھے اور ان میںموجود ساراسازو سامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا تھا ۔ محکمہ فائرائنڈ ایمرجنسی سروس کے ایک اہلکار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بوٹ کالونی کھنہ بل میں صبح 3 بجے کے قریب ایک رہائشی ڈھانچے میں آگ لگی ۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے ساتھ ہیی انہوں نے دیگر ڈھانچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے سات ایک منزلہ اور ایک دو منزلہ مکان شامل تھا ۔ انہوںنے کہا کہ آگ اس وقت ہولناک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے وہاں شعلے بھڑک اٹھے اور آٹھ رہائشی ڈھانچے جل کر خاکستر ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میںکوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم آگ کیسے لگی یہ جاننے کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے ۔