نقصان ایس ڈی آر ایف سبسڈی کی حد سے کم ۔ وزیر اعلیٰ
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جو محکمہ مال کا قلمدان بھی سنبھالے ہوئے ہیں ، نے جموں و کشمیر اسمبلی کو بتایا کہ بانڈی پورہ کے بنکوٹ بلاک کے کچھ علاقوں میں اولوں سے ہونے والا نقصان 33 فیصد سے کم پایا گیا ہے اس لئے یہ ایس ڈی آر ایف کے اصولوں کے تحت ان پٹ سبسڈی کی مقررہ حد پورا نہیں کرتا ۔ وزیر اعلیٰ ایم ایل اے بانڈی پورہ نظام الدین بھٹ کی جانب سے پیش کردہ توجہ دِلائو نوٹس کا جواب دے رہے تھے ۔ اس نوٹس میں 6 ستمبر کو بنکوٹ کے کچھ علاقوں میں اولوں کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی اطلاع دی گئی تھی جس سے زرعی اور باغبانی کی فصلوں بشمول دھان ، سبزیاں اور پھلوں کے باغات کو نقصان پہنچا تھا ۔ چیف ایگریکلچر آفیسر بانڈی پورہ کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں فصلوں کے نقصان کی حد33 فیصد سے کم قرار دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اندازہ شدہ فصلی نقصان مقررہ 33 فیصد کی حد سے کم ہے اس لئے متاثرہ کیسز متعلقہ ایس ڈی آر ایف اصولوں کے تحت ان پٹ سبسڈی کے اہل نہیں ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے ایوان کو بتایا کہ متعلقہ زراعت اور باغبانی کے فیلڈ عہدیدار متاثرہ کسانوں کو مناسب فصلی انتظامی اقدامات کے مشورے دے رہے ہیں تا کہ مزید نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔










