خراب موسم کے دوران مریضوں کو دستیاب سہولیات ، خدمات کا جائیزہ لیا
گاندر بل//وادی کشمیر میں شدید برفباری کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع اسپتال گاندر بل کا دورہ کیا اور خراب موسم کے دوران مریضوں کو دستیاب سہولیات اور خدمات کا جائیزہ لیا ۔ اپنے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف یونٹس کا معائینہ کیا اور ضروری ادویات کی دستیابی ، ڈیوٹی پر موجود عملہ اور سنٹرل ہیٹنگ سسٹم کی فعالیت کا جائیزہ لیا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے وزیر اعلیٰ کو مریضوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کیلئے ہسپتال کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی ، اس بات کی تصدیق کی کہ سینٹرل ہیٹنگ سسٹم مکمل طور پر فعال ہے ۔ تا ہم انہوں نے ضلع میں طبی عملے اور ایمبولینسز کی کمی جیسے چیلنجوں کو بھی اجاگر کیا ۔ اس کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو بڑھانے اور عوامی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اہم خلاء کو دور کرنے کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کے ڈیوٹی روسٹر کو سختی سے نافذ کریں تا کہ مریضوں کو تکلیف سے بچایا جا سکے اور بلا تعطل خدمات کو یقینی بنایا جا سکے ۔ دورے کے دوران ان کے مشیر ناصر اسلم وانی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔










