سری نگر//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں ’’ پرواز سکیم ‘‘ کے آغاز کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میںسیکرٹری اے پی ڈی محمد اکبر وانی، سیکرٹری زرعی پیداوار و بہبود کساناں شبنم کاملی ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ، ڈائریکٹر زراعت جموں / کشمیر ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں / کشمیر ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی ، ڈائریکٹر فلوری کلچر جموں / کشمیر ، ڈائریکٹر فشریز جموںوکشمیر اور محکمہ کے دیگر متعلقہ اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اِس سکیم کو مکمل طور پر عملائیںکیوں کہ اِس میں کسانوں کی معاشی حالات کو بہتربنانے کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔ اُنہوں نے اَفسران سے یہ بھی کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اِس سکیم کی اہمیت سے آگاہ کریں تاکہ کسانوں کی کافی تعداد اِس سے فائدہ اُٹھاسکے۔اتل ڈولو نے سکیم کے مختلف پہلوئوں پر بات کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ کسانوں کو سہولیت فراہم کی جانی چاہیئے اور سکیم سے متعلقہ دستاویزات کے کام کو آسان بنایا جانا چاہیئے ۔اِس کے علاوہ اِس سکیم کے تحت کسانوں کو دی جانے والی سبسڈی بھی کسانوں کو بروقت اَدا کی جانی چاہیے۔دورانِ میٹنگ بتایا گیا کہ سری نگر اور جموں سے ممبئی ، دہلی ، بنگلورو ، چنئی اور دبئی جیسے راستوں کے لئے نرخوں کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔ میٹنگ میں یہ جانکاری دی گئی کہ جے کے ایچ پی ایم سی محکمہ باغبانی میں عمل درآمد کرنے والی ایجنسی ہوگی۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ حکومت کی طرف سے ’’ پرواز سکیم ‘‘شروع کی گئی تھی جس کا مقصد ائیرکار گو سے جموںوکشمیر میں کاشت کی جانے والی تازہ زرعی اور باغبانی اشیاء کی ترسیل کے لئے مارکیٹ لنکیج سپورٹ پیدا کرنا ہے۔اِس سکیم کے تحت جموںوکشمیر میں کاٹے جانے والے تازہ پھلوں کو ائیر کار گو کے ذریعے بھیجنے کے لئے کرایہ کے چارجز پر 25 فیصد سبسڈی دی جاتی ہے ۔ کسانوں کو ڈی بی ٹی موڈ کے ذریعے سبسڈ فراہم کی جائے گی۔










