جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج یاتریوں کے پہلے قافلے کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا جب وہ جموں بیس کیمپ سے شری اَمرناتھ جی گپھا کے لئے روانہ ہوئے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کی خاطر اَمن ، خوشحالی اور محفوظ پوتر سفر کے لئے دعا کی۔سالانہ یاترا کے آغاز کے موقعہ پر 4,890 یاتریوں کے پہلے قافلے کو صبح تقریباً 4بجے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وادیٔ کشمیر کے لئے 176 چھوٹی اوربڑی گاڑیوں میں جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا گیایہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سالانہ اَمرناتھ جی یاترا کووِڈ ۔19وَبائی اَمراض کی وجہ سے دو برس کے وقفے کے بعد منعقد کی جارہی ہے اور اِس کے اَحسن اِنعقاد کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی طرف سے وسیع اِنتظامات کئے گئے ہیں۔اِس موقعہ پر میئر جموںمیونسپل کارپوریشن چندر موہن گپتا ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، سرکردہ سیاسی اور مذہبی رہنما اور جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران بشمول اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار ، ضلع ترقیاتی کمشنر محترمہ اونی لواسا، کمشنر جے ایم سی راہل یادو کے علاوہ دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔










