سورج آگ اُگلنے لگا،ٹنل کے آرپار رات دن گرمی کی شدت میں اضافہ

اُف یہ گرمی!!! سری نگرمیں 22سال بعدگرم ترین رات

سری نگر// مسلسل دوسری رات پر اہلیان ِ وادی رات بھرکروٹیں بدلتے رہے ،کیونکہ پوری رات درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہا۔سری نگرشہرمیں 22سال بعدگرم ترین رات تھی ،جبکہ شمال وجنوب بیشتر علاقوںمیں بھی جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات لوگ گرمی کی وجہ سے پسینے میں شرابور ہوتے رہے ۔جے کے این ایس کے مطابق جمعرات کوگرمی کی شدت کے معاملے میں کشمیر نے جموںکوپیچھے چھوڑ دیا۔جمعرات کوسری نگر میں دن کادرجہ حرارت34.2ڈگری ،قاضی گنڈ31.9 ڈگری،کپواڑہ میں 34.9 ڈگری پہلگام میں29.2 ڈگری ،گلمرگ میں 30.9 ڈگری،کوکرناگ میں 30.9 ڈگری اننت ناگ میں 31.4 ڈگری ،شوپیاں میں29.4 ڈگری،کولگام میں30.0ڈگری،پلوامہ میں33.7 ڈگری،بانڈی پورہ میں 32.8 ڈگری،سونہ مرگ میں27.6 ڈگری ،بارہمولہ میں33.5 ڈگری ،بڈگام میں33.5 ڈگری اورگاندربل میں31.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔دن بھر سخت ترین گرمی جھیلنے کے بعدبھی اہلیان ِوادی کوکوئی خاص راحت نہیں ملی ،کیونکہ رات کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا۔محکمہ موسمیات نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ جمعرات کوریکارڈ توڑ گرمی رہنے کے بعد رات کے وقت بھی وادی میں حدسے زیادہ گرمی رہی ۔محکمہ کے ایک ذمہ دار نے بتایاکہ جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات شہر سری نگرمیں رواں سیزن کا سب سے زیادہ کم سے کم درجہ حرارت23.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جوکہ معمول سے کئی ڈگری زیادہ ہے۔انہوںنے کہاکہ22سال بعدسری نگرمیں جون کے مہینے میں رات کے وقت اتنادرجہ حرارتریکادکیاگیا کیونکہ جون کے مہینے میں 22سال قبل24جون1990کوسری نگرمیں رت کا کم سے کم درجہ حرارت 23.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاتھا،تاہم انہوںنے کہاکہ، لیکن جون کے مہینے میں سری نگرمیں رات تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت24.6ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو29جون1978 کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس دوران معلوم ہواکہ کشمیر کے باقی سبھی9اضلاع میں بھی جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات درجہ حرارت معمول سے کئی کئی ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا،جس وجہ سے لوگ رات بھی پسینے پونچھتے اورپانی پیتے رہے ۔