انڈر-19کرکٹ عالمی کپ:ہندوستانی ٹیم لگاتار پانچویں جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں داخل

انڈر-19کرکٹ عالمی کپ:ہندوستانی ٹیم لگاتار پانچویں جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں داخل

انڈر-19کرکٹ عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم نے آج لگاتار پانچویں جیت حاصل کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ جمعہ کے روز ہندوستان نے نیپال کو 132 رنوں کے بڑے فرق سے ہرایا اور سیمی فائنل میں اپنی جگہ پختہ کر لی۔ ہندوستان کی طرف سے اس میچ میں دو کھلاڑیوں (کپتان ادے سہارن اور سچن داس) نے سنچری اسکور کیا اور ٹیم کو 50 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 297 رنوں تک پہنچا دیا۔ نیپال کی ٹیم جواب میں 50 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر محض 165 رن بنا سکی۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت سپر سکس کے گروپ-1 میں 8 پوائنٹس کے ساتھ اوّل مقام پر ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آج ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں رہی تھی اور 62 رن تک ہی تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس کے بعد کپتان ادے سہارن (107 گیند میں 100 رن) اور سچن داس (101 گیند میں 116 رن) کے درمیان ریکارڈ 215 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ ادے سہارن نے 9 چوکے، جبکہ سچن نے 3 چھکے اور 11چوکے لگائے۔ اس ٹورنامنٹ میں 2 سنچری لگا چکے مشیر خان کو کھیلنے کا زیادہ موقع نہیں ملا اور وہ 7 گیندوں پر 9رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بلے بازی میں ہندوستان کے بہترین اختتام کے بعد گیندبازی میں ہندوستان کا آغاز بھی لاجواب رہا۔ کسی بھی بلے باز کو زیادہ دیر تک وکٹ پر جمنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ خاص طور سے سومی پانڈے نے ایک بار پھر بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور 10 اوورس میں محض 29 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 2 وکٹ ارشن کلکرنی نے 4 اوورس میں 18 رن دے کر لیے۔ 1-1 وکٹ راج لمبانی، آرادھیا شکلا اور مروگن ابھشیک کے حصے میں آئے۔ہندوستانی ٹیم کا سفر عالمی کپ ٹورنامنٹ میں اب تک شاندار رہا ہے۔ پانچ میچوں میں سے 3 میچوں میں ٹیم نے 200 سے زیادہ رن سے جیت حاصل کی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف 84 رنوں سے جیت کے ساتھ کیا تھا۔ بعد ازاں ٹیم نے آئرلینڈ کو 201 رنوں سے، یو ایس اے کو بھی 201 رنوں سے اور نیوزی لینڈ کو 214 رنوں سے ہرایا تھا۔ آج نیپال کو ہندوستانی ٹیم نے 132 رنوں سے شکست دی۔