لیفٹیننٹ گورنر نے آزادی کیلئے مشکل سفر ، جدوجہد اور قربانیوں کو اُجاگر کیا
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ملک کے 80ویں یومِ آزادی کے موقعہ پر لوک بھون میں قومی پرچم لہرایا۔ پولیس کے چاق وچوبند دستے نے قومی سلامی پیش کی۔اُنہوں نے ملک کے لئے اَپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بے شمار مجاہدینِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے آزادی کے حصول کے لئے کٹھن سفر، جدوجہد اور قربانیوں کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے رواں برس بدقسمت آفاتِ سماوی میں اَپنی جانیں گنوانے والے شہریوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’اِس تاریخی دِن میں تمام شہریوں کے ساتھ مل کر اپنے معمارانِ قوم اور مادرِ وطن کے ان بہادربیٹے بیٹیوں کو دلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کی آزادی کے لئے اَپنی جانیں قربان کیں۔ آئیے،ہم پُرامن، خوشحال جموں و کشمیر اور ایک عظیم ملک کی تعمیر کے ان کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے کی کوشش کریں۔ ہمارے شہیدوں اور مجاہدینِ آزادی کو حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ہم دیانت داری کے ساتھ کام کرنے اور بڑی محنت سے حاصل کی گئی آزادی کی حفاظت کا عزم کریں۔‘‘اُنہوں نے مستقبل کے چیلنجوں کو تسلیم کرتے ہوئے ہندوستان کی ایک عالمی رہنما بننے کی صلاحیت پر پختہ اعتماد کا اِظہا رکیا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو ایک ایسا جامع معاشرہ فروغ دینے کے لئے متحد ہونا چاہیے جو عوامی مفاد کو ترجیح دے اور پسماندہ طبقات کے لئے ہمدردی کا مظاہرہ کرے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’آئیے متوازن ترقی اور خواتین کے معاشی استحکام کے لئے کوشش کریں تاکہ ایک زیادہ انسانیت پسند اور ہمدرد معاشرہ تعمیر کیا جاسکے۔ ہمیں خواتین اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ماحولیاتی دیرپائی کو یقینی بنانے کو ترجیح دینی چاہیے۔ ہمارے جاری اَقدامات جن میں ورثے کے مقامات کی تجدید، قدیم یادگاروں کی بحالی اور بڑے پیمانے پر شجرکاری مہمات شامل ہیں، دیرپا ترقی کے لئے ہمارے پختہ عزم کا ثبوت ہیں۔‘‘اُنہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے تصور کردہ 2047 تک ’خودکفیل جموں و کشمیر‘ اور’ وِکست بھارت‘ کے ویژن کو حقیقت کا روپ دینے کے لئے ہر شہری کی فعال شراکت داری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے تمام شہریوں سے قوم کی تعمیر کے لئے خود کو وقف کرنے کی اپیل کرتے ہوئے حکمرانی میں شفافیت اور جوابدہی کی ضرورت پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یوم آزادی کی مناسبت ے بہادری کے تمغے حاصل کرنے والے جموںوکشمیر پولیس اور سی اے پی ایف کے تمام بہادر اہلکاروں کو مُبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے کھلاڑیوں کی غیر معمولی کامیابیوں اوریونین ٹیریٹری کے وقار میں ان کے کردار کو بھی سراہا۔ اُنہوں نے سب پر زور دیا کہ وہ زیادہ جوش، خلوص اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کے عزم کی تجدید کریں۔










