کپواڑہ// ڈِسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈِی پی ایل) کپواڑہ میں 80واں یوم آزادی حب الوطنی کے جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا جہاں وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے ضلعی سطح کی تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی۔پروگرام کا آغاز قومی ترانہ سے ہوا، اس کے بعد قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ بجایا گیا۔ اس کے بعد جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر نیم فوجی و سکیورٹی دستوں کے ساتھ ساتھ مختلف تعلیمی اِداروں کے طلبأکی شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا جس کا معائینہ مہمان خصوصی نے کیا۔پریڈ کے ساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ کے مختلف محکموں نے رنگا رنگ جھانکیاں پیش کیں جن میں ان کی اہم کامیابیوں، جاری منصوبوں اور ضلع بھر میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کو واضح طور پر دکھایا گیا۔ ان جھانکیوں نے مختلف شعبوں میں محکموں کی پیش رفت کو مؤثر انداز میں پیش کرنے پر حاضرین سے بھرپور داد حاصل کی۔اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے 80 ویں یوم آزادی کے موقعے پرلوگوں کو دلی مُبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ برسوں سے درپیش چیلنجوں کے باوجود علاقے کے لوگوں نے جمہوریت کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھا ہے اور جمہوری عمل پر یقین کا اظہار کیا ہے۔اُنہوں نے موجودہ حکومت کی کامیابیوں اور اقدامات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مشن یوتھ جیسی اہم سکیمیں ضلع کے نوجوانوں کی ترقی اور بااِختیار بنانے میں اہم کردار اَدا کر رہی ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ ڈِسٹرکٹ کیپکس بجٹ کے تحت 103 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیںجس کے تحت مختلف شعبوں میں تقریباً 1600 ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔
ناصر اسلم وانی نے مزید کہا کہ ضلع میں 187 کلومیٹر سڑکوں کی میکڈمائزیشن جاری ہے جبکہ 11سڑکوں کو نبارڈ کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔ علاقے میں رابطے کو بہتر بنانے کے لئے ریگی پورہ میں ایک پل بھی زیر تعمیر ہے۔اُنہوں نے رابطے کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سادھنا ٹنل منصوبہ مکمل ہونے کے بعدخطے کی معیشت اور خوشحالی کو بڑا فروغ دے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی ڈی پی آر زیر عمل ہے۔اس تقریب میں مختلف سکولوں کے طلبأ نے شاندار ثقافتی پروگرام پیش کئے جس میں حب الوطنی اور آزادی کے حقیقی جذبے کی عکاسی کی گئی اور اس موقعہ پر موجود سامعین کو مسحور کر دیا۔اس موقعہ پر ایک انعامی تقسیم کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں قابل تحسین اہلکاروں، افسران، سول سوسائٹی کے اراکین، میڈیا اہلکاروں اور عام شہریوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا گیا۔اِس موقعہ پرموجود اہم شخصیات میں ممبر اسمبلی لولاب، قیصر جمشید لون، رُکن اسمبلی ترہگام میر سیف اللہ،ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ،شری کانت سوسے؛ ایس ایس پی کپواڑہ، الطاہر گیلانی؛ شکتاوت ڈی وائی جی او سی، 28 ڈویژن، انوپم تھاپا کمانڈنگ آفیسر41 آر آرکے علاوہ سول اور پولیس انتظامیہ کے سینئر افسران، سابق پی آر آئیز ، میڈیاپرسنز اور کثیر تعداد میں شہری شامل تھے










