امریکہ میں ’ آپریشن چیک میٹ ‘، 30 ہندوستانی ٹرک ڈرائیور گرفتار

نیویارک/ایجنسیز//امریکہ میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے درمیان 30 ہندوستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔ یہ افراد کمرشیل ٹرک ڈرائیور کے طور پر کام کر رہے تھے اور حکام کے مطابق انہیں جلد ملک بدر کیا جائیگا۔حکام کے مطابق یہ کارروائی غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف خصوصی مہم کا حصہ تھی۔ امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کے مطابق 11 سے 15 مئی کے دوران ایریزونا کے یوما سیکٹر میں ’آپریشن چیک میٹ‘ کے تحت کارروائی کی گئی، جس میں مجموعی طور پر 52 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں 36 افراد ایسے تھے جو بھاری کمرشیل ٹرک چلا رہے تھے اور ان کی امیگریشن حیثیت قانونی نہیں تھی۔ حکام نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے 36 ٹرک ڈرائیوروں میں 30 ہندوستانی شہری شامل ہیں جبکہ باقی افراد میکسیکو، ایل سلواڈور اور روس سے تعلق رکھتے ہیں۔ بعض کے پاس مختلف امریکی ریاستوں کے کمرشیل ڈرائیونگ لائسنس موجود تھے، جن میں کیلیفورنیا ، نیویارک، واشنگٹن اور ورجینیا شامل ہیں، جبکہ چند افراد کے پاس کوئی ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ زیادہ تر افراد کے پاس روزگار کی اجازت سے متعلق دستاویزات موجود تھے جو سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں جاری کئے گئے تھے تاہم اب وہ کارکرد نہیں تھے ۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار شدگان کے خلاف وفاقی قوانین کے تحت کارروائی مکمل کی جا رہی ہے اور بعد ازاں انہیں ان کے آبائی ممالک واپس بھیجا جائے گا۔ امریکی بارڈر پٹرول کے یوما سیکٹر کے قائم مقام سربراہ ڈسٹن کاڈل نے کہا کہ’آپریشن چیک میٹ‘ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔ ان کے مطابق غیر قانونی حیثیت والے افراد کی جانب سے کمرشیل گاڑیوں کی ڈرائیونگ سڑکوں پر خطرات میں اضافہ کر سکتی ہے، اسی لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر پٹرول کے اہلکار روزانہ گشت کر رہے ہیں تاکہ ایسے افراد کو روکا جا سکے اور ممکنہ مہلک ٹریفک حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے دوران محکمہ نقل و حمل نے بھی ایسے اقدامات کیے تھے جن کے تحت نااہل غیر ملکی شہریوں کو کمرشیل ٹرک اور بس ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے سے روکنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں امریکہ میں کئی ایسے مقدمات سامنے آئے جن میں ہندوستانی نژاد ٹرک ڈرائیوروں پر جان لیوا سڑک حادثات کا سبب بننے کے الزامات رہے۔ ان واقعات کے بعد حکام نے کمرشیل ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔