کولگام//جنوبی ضلع کولگام کے اشموجی علاقہ میں سنیچر کی صبح ایک معرکہ آرائی کے دوران ایک مقامی جنگجوجاں بحق ہوگیا۔غیرمصدقہ اطلاع کے مطابق مہلوک جنگجوکی شناخت مالون کے رہنے والے منظوراحمدوگے کے بطورہوئی ہے،جو حزب المجاہدین سے وابستہ تھا تاہم پولیس نے بتایاکہ مارے گئے جنگجوکی شناخت عمل میں لانے کی کارروائی اورعلاقہ میں جنگجومخالف آپریشن جاری ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے اشموجی علاقے میں کچھ جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملتے ہی پولیس،ایس ائوجی ،فورسزاورفوج کے جوانوںنے اس پورے علاقے کومحاصرے میں لے لیا۔جسکے بعدیہاں تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ۔کشمیر پولیس زون کی جانب سے ایک ٹویٹ میں بتایاگیاکہ تلاشی کارروائی میں شامل ایک ٹیم جوں ہی ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔پولیس کے ٹویٹ میں مزیدبتایاگیاکہ طرفین کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں ایک جنگجو ماراگیاجسکی نعش اوراسلحہ وغیرہ جائے جھڑپ سے برآمد کیاگیا۔غیرمصدقہ اطلاع کے مطابق مہلوک جنگجوکی شناخت مالون کے رہنے والے منظوراحمدوگے کے بطورہوئی ہے،جو حزب المجاہدین سے وابستہ تھا تاہم پولیس ترجمان نے بتایاکہ مارے گئے جنگجوکی شناخت عمل میں لانے کی کارروائی جاری ہے جبکہ اشموجی کولگام میں سنیچرکی صبح شروع کیاگیا جنگجومخالف آپریشن جاری رکھاگیا کیونکہ یہاں مزید جنگجوئوںکے چھپے ہونے کااندیشہ ہے ۔ادھر ایک نیوز رپورٹ میں بتایاگیاکہ یہ کولگام ضلع میں رواں ہفتے کے دوران سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ہونے والی تیسری معرکہ آرائی ہے۔پولیس کے مطابق اس سے قبل ضلع کولگام میں چندروزقبل 2 الگ الگ تصادم آرائیوں کے دوران5 جنگجو ہلاک کر دئیے گئے تھے،جن میں مطلوب جنگجوکمانڈر آفاق سکندر اورشاکر بھی شامل تھا۔










