dooran news

ادھم پورہ میں ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین مختصر جھڑپ کے دوران ولیج ڈیفنس گارڈ کی ہلاکت

گھنے جنگلات میں ممکنہ طو رپر چھپے بیٹھے ملی ٹنٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی آپریشن بڑے پیمانے پر جاری

سرینگر // جموں کے ادھم پورہ ضلع میں ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین مختصر جھڑپ کے دوران ولیج ڈیفنس گارڈ کی ہلاکت کے بعد گھنے جنگلات میں ممکنہ طو رپر چھپے بیٹھے ملی ٹنٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں آنند جین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے دو گروپ حال ہی میں سرحد پار سے دراندازی کے بعد علاقے میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں گروپوں کی تعداد چار سے چھ کے درمیان ہے اور سیکورٹی فورسز ان کو ختم کرنے کیلئے مختلف معلومات پر کام کر رہی ہیں۔سی این آئی کے مطابق جموںکے ادھم پور ضلع کے بسنت گڑھ کے گھنے جنگلات میں ملی ٹنٹوں کے دو گروہوں کا سراغ لگانے اور انہیں ہلاک کرنے کیلئے وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن دوسرے دن میں داخل ہو گیا۔خیال رہے کہ اتوار کو علی الصبح چھوچرو گالا کی پہاڑیوں کے دور افتادہ پنارا گاؤں میں دہشت گردوں کے ساتھ ایک مختصر تصادم میں ایک ولیج ڈیفنس گارڈ مارا گیا، جس کے بعد پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے تلاش شروع کی۔سوموار کو دوسرے روز بھی گھنے جنگلات میں آپریشن جاری ہے اور فرار ہونے والے ملی ٹنٹوں سے کوئی تازہ رابطہ نہیں ہوا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ دہشت گردوں کا سراغ لگانے اور انہیں ہلاک کرنے کی کوششوں کو تیز کرنے کیلئے اضافی فورسز علاقے میں تعینات کی گئی ہے ۔ ادھر جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آنند جین نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ دہشت گردوں کے دو گروپ حال ہی میں سرحد پار سے دراندازی کے بعد علاقے میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں گروپوں کی تعداد چار سے چھ کے درمیان ہے اور سیکورٹی فورسز ان کو ختم کرنے کیلئے مختلف معلومات پر کام کر رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق دہشت گرد سرحد پار سے اس طرف گھسنے میں کامیاب ہونے کے بعد ملحقہ کٹھوعہ ضلع سے بسنت گڑھ پہنچے تھے اور وادی چناب کی طرف جارہے تھے جب پولیس اور وی ڈی جی کے ارکان نے ان کا سامنا کیا۔