دہرادون/ایجنسیز // اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں چہارشنبہ کی رات بادل پھٹنے کے واقعے نے زبردست تباہی مچا دی۔ یہ حادثہ دو مقامات کنتری اور دھرما گاؤں میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں کئی مکانات زمین بوس ہو گئے اور مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اس دوران پانچ افراد لاپتہ ہو گئے۔ریاستی آفات سے نمٹنے والی فورس کی ٹیم لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ریسکیو ٹیموں کے مطابق ابھی تک اصل نقصان کا مکمل تخمینہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔ ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی واضح صورتحال سامنے آئے گی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ریاستی حکومت نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں شدید بارش اور سیلاب سے حالات انتہائی خراب ہوگئے ہیں ۔اترا کھنڈ کے علاوہ مدھیہ پردیش میں بارش سے بڑے پیمانے پر تباہی ہورہی ہے ۔زمینی تودے کھسکنے سے ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔










