اب شاہ رخ خان کو ملی جان سے مارنے کی دھمکی

اب شاہ رخ خان کو ملی جان سے مارنے کی دھمکی

مشہور و معروف فلم اداکار شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی ملی دھمکی نے بالی ووڈ میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ سلمان خان کو پہلے ہی جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں، اب شاہ رخ کو ملی دھمکی نے بالی ووڈ حلقہ میں فکر کو بڑھا دیا ہے۔ مہاراشٹر کے باندرا پولیس اسٹیشن میں اس تعلق سے ایک ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رائے پور سے ایک شخص نے شاہ رخ سے خطیر رقم بطور تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ کو فون پر دھمکی دی گئی ہے۔ یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ چھتیس گڑھ کے رائے پور باشندہ فیضان نامی شخص نے یہ فون کی اتھا۔ ذرائع کے حوالے سے سامنے آ رہی خبروں کے مطابق ممبئی پولیس کی ایک ٹیم جانچ کے لیے رائے پور پہنچ بھی گئی ہے۔ حالانکہ ممبئی کے باندرا پولیس اسٹیشن میں ایک نامعلوم شخص کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ دفعہ (4)308، (4)(3)351 بی این ایس کے تحت درج کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شاہ رخ خان ہمیشہ سے ہی انڈرورلڈ کی ہِٹ لسٹ میں رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی انھیں کئی بار جان سے مارنے کی دھمکی دی جا چکی ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں بھی انھیں فلم ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کی کامیابی کے بعد جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی تھیں۔ اس بارے میں اداکار نے مہاراشٹر پولیس میں تحریری شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد انھیں وائی پلس سیکورٹی دی گئی تھی۔ گزشتہ سال مشہور فلم ہدایت کار سنجے گپتا نے سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کر شاہ کی تعریف بھی کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’90 کی دہائی میں شاہ رخ واحد ایسے اداکار تھے جو انڈر ورلڈ کے آگے نہیں جھکے۔ انھوں نے کہا کہ گولی ماری ہے تو مار دو، لیکن تمھارے لیے کام نہیں کروں گا۔ میں پٹھان ہوں۔ شاہ رخ آج بھی ویسے ہی ہیں۔‘‘