سری نگر//سابق وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد نے پیرکو کہاکہ دفعہ370کوموجودہ حکومت یا سپریم کورٹ بحال کرسکتاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے یہا ں نامہ نگاروں کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل370 کی منسوخی کے فیصلے کوبدلنے کی آخری اُمید سپریم کورٹ پر ہے۔انہوںنے کہاکہ صرف دو ہی آرٹیکل 370 کی منسوخی کے فیصلے کوبل سکتے ہیں یا تو موجودہ حکومت یا سپریم کورٹ۔تاہم سابق وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت سے کوئی توقع نہیں رکھ سکتے کیونکہ انہوں نے اسے منسوخ کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے ایک آخری اُمید ہے جو آرٹیکل370 کی منسوخی کے فیصلے کوبدل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ حال ہی میں دہلی گئے تھے جہاں انہوں نے کانگریس لیڈر اور معروف وکیل کپل سبل کے ساتھ کچھ وقت گزارا ،جنہوں نے سپریم کورٹ میں1.50 کروڑ لوگوں کے کیس کی مؤثر طریقے سے نمائندگی کی۔ غلام نبی آزاد کاکہناتھاکہ آئیے ہم اللہ تعالی سے دعا کریں اور بہترین کی امید رکھیں۔










