مودی کی قیادت میں ہندوستان کو دنیا میں ایک نئی شناخت ملی : راجناتھ
سرینگر///وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مودی حکومت کے کامیاب 10برسوں میں ہندوستان کو دنیا میں ایک نئی شناخت ملی ہے اور ملک خوددار اور مضبوط قیادت والے ملک کے طور پر ابھرا ہے۔وائس آف انڈیا کے مطابق مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ این ڈی اے کی تیسری مدت میں ملک کو نئی منزلوں کی طرف لے جایا جائے گا۔ انہوںنے بتایا کہ آج ہندوستان کو پوری دنیا میں ایک خوددار اور مضبوط قیادت والے ملک کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔ اس بڑی تبدیلی کا کریڈٹ ہمارے کامیاب وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی موثر قیادت اوران کے عزم کی قوت کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا مسٹرنریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کے10سال مکمل ہونے کے بعد اب ایک نیا سفر شروع ہوا ہے اور تیسری مدت میں حصولیابیوں اور کامیابیوں سے بھرے ہوں گے ۔ عوامی اعتماد کو بنیاد بنا کر ان دس سالوں میں ترقی، گڈ گورننس اور عوامی بہبود کے نئے ریکارڈ قائم کئے گئے ہیں۔ زندگی کے ہر شعبے میں تبدیلی لانے کے لیے گزشتہ دس برسوں میں کی گئی کوششوں سے آج بہترنتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ آج ہندوستان میں نظام بدلا ہے ، گڈ گورننس قائم ہو چکی ہے۔ غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے دیانتداری اور صداقت کے ساتھ کام کیا گیا ہے جس کا فائدہ معاشرے کے ہر طبقے کو پہنچ رہا ہے۔مسٹرسنگھ نے کہا کہ مودی کے دور حکومت میں دفاعی شعبے میں کافی کام ہوا ہے اوراب ہندوستان کا شمار دفاعی مصنوعات برآمد کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا خواہ ملک کے دفاع کا معاملہ ہو یا معیشت کا، ہر محاذ پر ہندوستان کی پوزیشن پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو گئی ہے۔ خود انحصار ہندوستان کے عزم کے ساتھ ہم تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور اس کا اثر دفاعی شعبے میں نظر آرہا ہے۔آج ہندوستان کا شمار دفاعی سامان برآمد کنندہ ممالک میں ہوتا ہے۔انہوںنے کہا کہ مرکز میں این ڈی اے کی تیسری بار حکومت بن چکی ہے اور ملک ایک نئے سفر کا مشاہدہ کرے گا جس میں تعمیر و ترقی اور روزگار کے مواقعے پیدا ہوں گے ۔










