بھارتی ٹیم کے جسپریت بمراہ باؤلرز کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن میں آنے والے پہلے باؤلر بن گئے ہیں جب کہ ون ڈے کرکٹ میں پاکستانی اسٹار بلے باز بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی 20 کی رینکنگ جاری کی گئی۔
ٹیسٹ رینکنگ میں باؤلنگ کیٹیگری میں جسپریت بمراہ تین درجے ترقی کرکے پہلی پوزیشن پر آگئے، ، وہ پہلے بھارتی فاسٹ باؤلر ہیں جنہوں نے آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
جسپریت بمراہ سے قبل بھارت کے فاسٹ باؤلر کپل دیو دسمبر 1979 سے فروری 1980 تک آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن میں پر براجمان تھے، اس کے علاوہ 2010 میں فاسٹ باؤلر ظہیر خان تیسرے نمبر پر تھے۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بمراہ کی شاندار کارکردگی کے بعد وہ پہلے نمبر پر آئے ہیں، انہوں نے میچ میں 91 رنز دے کر مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں اور سیریز 1-1 سے برابر کرنے پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
اس سے قبل بھارت کے اسپن باؤلر روی چندرن اشون پہلے نمبر پر تھے جو اب تیسری نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ میں کوئی پاکستانی فاسٹ بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہے جبکہ بابر اعظم ٹاپ 5 پر موجود ہیں، آل راؤنڈر میں بھی کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سابق کپتان بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے وہ 824 پوائنٹس کے ہمراہ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔
بھارتی بیٹر شبمن گل 801پوائنٹس کے ساتھ دوسری، ویرات کوہلی 768 پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ روہت شرما 746 پوائنٹس کے ہمراہ چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔
ون ڈے میں شاہین آفریدی 7 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔










