ٹائم آف ڈے چارجز بدستور برقرار، عوام کو ریلیف//عمر عبداللہ
سرینگر//یو این ایس / جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ مالی سال 2025-26کے دوران یونین ٹیریٹری بھر میں بجلی کے نرخوں میں کوئی عمومی اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ صبح اور شام کے اوقات میں بجلی کے استعمال پر لاگو ٹائم آف ڈے ٹیرف میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ کے دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ایک بیان میں کہا، 2025-26کے لیے جموں و کشمیر میں بجلی کے ٹیرف میں کوئی عمومی اضافہ نہیں ہے اور ٹائم آف ڈے ٹیرف جوں کا توں برقرار رہے گا۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صبح اور شام کے اوقات میں بجلی کے استعمال پر 20 فیصد اضافی چارج کے خدشات کے باعث عوام میں تشویش پائی جا رہی تھی۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح کو اولین ترجیح دیتی ہے اور بجلی کو قابلِ استطاعت رکھنے کے لیے پْرعزم ہے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (جے کے پی ڈی سی ایل) نے جوائنٹ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن سے صبح اور شام کے اوقات میں بجلی کے استعمال پر عائد موجودہ 20 فیصد سرچارج میں اضافے کی اجازت طلب کی تھی، تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ عام صارفین پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔اس دوران نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے جمعہ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو یونین ٹیریٹری بھر کے بجلی صارفین کے لیے ‘‘نئے سال کا تحفہ’’ قرار دیا۔ عمران نبی ڈار نے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی قیادت کی جانب سے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہے اور سردیوں کے موسم میں گھریلو صارفین کو خاطر خواہ راحت فراہم کرے گا۔ ان کے مطابق حکومت عوامی فلاح کے اپنے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’جیسا کہ جے کے این سی نے وعدہ کیا تھا، جموں و کشمیر میں بجلی ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کے لیے نئے سال کا تحفہ ہے۔‘‘ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام عوام دوست پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے اور حکومت کی اس یقین دہانی کو عملی جامہ پہناتا ہے کہ بنیادی سہولیات کو عوام کی پہنچ میں رکھا جائے گا۔










