سری نگر//کورونا وباء سے متاثرہ افراد کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر انتظامیہ نے کئی اہم فیصلے لئے ہیں ۔SKIMS صورہ اور میڈیکل کالج بمنہ نے بھی فیکلٹی کی موسم سرما کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔جے کے این ایس کے مطابق سکمز صورہ کے بعدسکمز میڈیکل کالج بیمنہ کے حکام نے بھی کووڈ معاملات مین اضافے اور وائرس کے نئے قسم اومی کرون کے خطرے کے پیش نظر فیکلٹی کیلئے موسم سرما کی تعطیلات2022 کو منسوخ کر دیا ہے۔اس سلسلے میں منگل کے روز پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں پروفیسر عرفان ربانی نے فیکلٹی ممبران سے کہا کہ وہ 12 جنوری بروز بدھ کو دوبارہ ڈیوٹی شروع کریں۔شیرکشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ نے بھی کووڈ بڑھنے کے پیش نظر آج اساتذہ کیلئے موسم سرما کی تعطیلات2022 کو منسوخ کر دیا۔ ڈائریکٹر سکمز صورہ ڈاکٹر پرویز احمد کول نے یہاں جاری ایک حکم نامہ میں شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی فیکلٹی کی سرمائی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں۔ ڈائریکٹر سکمز صورہ نے فیکلٹی کو فوری طور پر اپنی تعیناتیوں کی جگہ پر خاضر ہونے کی تلقین کی ہے۔ وہیں دوسری جانب جموں ڈویڑن میں کووڈ19کے کیسوں میں اچانک اضافے کے پیش نظر ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر اہلکاروں سمیت تمام ہیلتھ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔










