کہا، حکومت جوابدہ ، قابل رَسائی اور عوام پر مبنی حکمرانی کیلئے پُر عزم ہے
جموں//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ میں صوبہ جموںکے مختلف علاقوں سے آئے متعدد عوامی وفود اور اَفراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبہ جموں کے مختلف علاقوں سے آئے وفود اور اَفراد نے وزیر موصوفہ کے سامنے صحت، تعلیم، سماجی بہبود، عوامی بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، بجلی کی فراہمی، پانی کی فراہمی اور عوامی بہبود سے متعلق دیگرمسائل کی ایک وسیع فہرست پیش کی اور ان کے بروقت اَزالے کا مطالبہ کیا۔وزیر سکینہ اِیتو نے وفود بغور سنتے ہوئے نمائندوں اور اَفراد کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی اور زمینی سطح پر مختلف حکومتی سکیموں اور خدمات کے نفاذ کے بارے میں رائے اور معلومات حاصل کیں۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ان کے حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ باقاعدگی سے رابطہ جوابدہ طرزِ حکمرانی کا ایک اہم جزو ہے اور حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ لوگوں کے مسائل سنے جائیں، ان کا اعتراف کیا جائے اور مقررہ مدت کے اندر ان کا ازالہ کیا جائے۔وزیر موصوفہ نے کہا، ’’حکومت لوگوں کی ہے اور ہماری اوّلین ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں کے لئے قابلِ رسائی رہیں۔ ہم ایسے طریقہ کار کو مضبوط بناتے رہیں گے جس سے لوگوں کو بروقت رسپانس اور خدمات کی فراہمی یقینی ہو۔‘‘اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حکمرانی اس وقت تک موثر نہیں ہو سکتی جب تک کہ یہ عوام کی اُمنگوں اور روزمرہ کے مسائل سے جڑا نہ رہے ۔سکینہ اِیتو نے متعلقہ اَفسران کو وفود اور اَفراد کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کا جائزہ لینے اور مقررہ مدت کے اندر ضروری فالو اَپ کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دِی۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ لوگوںکے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اہل اِستفادہ کنندگان کوحکومتی سکیموں اور خدمات سے فائدہ اُٹھانے میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے کہا، ’’حکومت کی توجہ پالیسی فیصلوں اور فلاحی پروگراموں کو شہریوں بالخصوص کمزور طبقات اور دور دراز و بنیادی سہولیات سے پسماندہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لئے عملی اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے پر مرکوز ہے ۔‘‘وزیرموصوفہ نے عوامی نمائندوں اور شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ حکومت کو تعمیری آرأ فراہم کرتے رہیں کیوں کہ ایک مؤثر، جوابدہ اور ذِمہ دار اِنتظامیہ کی تشکیل کے لئے مسلسل عوامی شمولیت انتہائی اہم ہے۔










