سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کاریگر بُنکروں منظور احمد حجام اور فیاض احمد وانی کو صدرِ جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے باوقار قومی ہینڈلوم ایوارڈ حاصل کرنے پر دِلی مُبارک باد پیش کی۔منظور احمد حجام اور فیاض احمدوانی کو حال ہی میں نیشنل ہینڈلوم ڈے کی مناسبت سے نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں ’’چاند دار کانی شال‘‘کی مشترکہ شمولیت کے لیے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس ایوارڈ میں توصیفی سند کے ساتھ 2.5 لاکھ روپے کی رقم بھی شامل ہے۔وزیراعلیٰ نے دونوں کاریگروں کو مُبارک باددیتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی جموں و کشمیر کے ہینڈلوم کی لازوال میراث اور فنی مہارت کی عکاسی کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت مقامی کاریگروںکو بااختیار بنانے، روایتی ورثے کے تحفظ اور مقامی دستکاریوں کو قومی و عالمی سطح پر فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔










