لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی مہاکال مندر کی بھسم آرتی میں شرکت

منوج سنہا نے مہاکال مندر میں پوجا کی، امن و خوشحالی کیلئے دعا

سرینگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے ساون کے دوسرے پیر کے موقع پر مدھیہ پردیش کے اجین میں واقع مشہور مہاکالیشور جیوترلنگ مندر میں حاضری دی اور علی الصبح منعقد ہونے والی مقدس بھسم آرتی میں شرکت کی۔ایل جی منوج سنہا نے مندر میں خصوصی پوجا کی اور بھگوان مہاکال سے جموں و کشمیر سمیت ملک میں امن، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دعا کی۔یو این ایس کے مطابق ساون کے دوسرے پیر کے موقع پر مہاکالیشور مندر میں ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں عقیدت مند پہنچے، جس کے باعث مندر اور اس کے اطراف میں عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ دیکھی گئی۔ اس موقع پر مندر انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عقیدت مندوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔بھسم آرتی مہاکالیشور مندر کی سب سے اہم اور روحانی طور پر نمایاں رسومات میں شمار ہوتی ہے۔ آرتی کے دوران روایتی مذہبی رسومات، منتر جاپ اور خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایل جی سنہا نے بھی شرکت کی۔ایل جی کی مندر آمد کے موقع پر انہوں نے مذہبی رسومات میں حصہ لیا اور بھگوان مہاکال کا آشیرواد حاصل کیا۔ ان کی حاضری ساون کے اس مقدس موقع پر خصوصی اہمیت کی حامل رہی۔دوسرے پیرِ ساون کو بھگوان شیو کے عقیدت مندوں کے لیے خصوصی مذہبی اہمیت حاصل ہے، جس کے باعث مہاکالیشور مندر میں پورے دن مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کا ماحول قائم رہا۔عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور مندر انتظامیہ نے اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جبکہ ہجوم کو منظم کرنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عقیدت مندوں کی منظم آمد و رفت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے۔ایل جی منوج سنہا کی مہاکال مندر میں حاضری کے دوران امن، خوشحالی اور جموں و کشمیر کے عوام سمیت ملک کے تمام لوگوں کی سلامتی اور بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔