jkpsc

JKASکاتاج پہننے والے نوجوانوںکی کاوش قابل ستائش

کامیاب نوجوان اپنے ساتھیوں کیلئے بہترین روڈماڈل:اعجاز احمدخان

سری نگر//ملازم انجمنوںکے مشترکہ فورم EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے جموں وکشمیر کے اعلیٰ ترین سیول سروسزامتحان JKASمیں کامیاب ہونے والے اُمیدواروںکومبارکباد پیش کرتے ہوئے نوجوانوںسے اپیل کی کہ وہ مایوسی کاشکار ہونے یاکسی بھی طرزکی خرافات میں وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنے مستقبل کوتابناک اورکامیاب بنانے پر توجہ مرکو زکریں ۔جے کے این ایس کے مطابق ایک بیان میں سینئر ٹریڈ یونین لیڈر اور EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے کہاکہ یہ بات کافی اطمینان بخش ہے کہ ہمارے پڑھے لکھے اورزیرتعلیم نوجوان مختلف قسم کے مسابقتی امتحانات میں حصہ لیکر اپنی ذہانت وقابلیت کاثبوت فراہم کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیر کے اعلیٰ ترین سیول سروسزامتحان JKASمیں کامیاب ہونے والے اُمیدوارمبارکبادی کے مستحق ہیں ،کیونکہ انہوںنے اپنی ذہانت ،قابلیت وصلاحیت کاکامیابی کیساتھ مظاہرہ کرکے نہ صرف اپنے بہترین وباوقار مستقبل کی راہ ہموار کی ہے بلکہ اپنے والدین اورخاندانوںکاسر بھی فخر سے بلندکیاہے ۔سینئرٹریڈ یونین لیڈر نے کہاکہ اگرنوجوان اپنی تعلیم وتربیت پر توجہ مرکوز کریں تووہ اپنے مستقبل کومحفوظ اور روشن بناسکتے ہیں ۔انہوںنے مزید کہاکہ منشیات کی وباء نے ہمارے نوجوانوں کی صحت وسلامتی کیلئے خطرات پیداکئے ہیں،اسلئے لازم ہے کہ نوجوان نسل مایوسی کاشکار ہونے یاکسی بھی طرزکی خرافات میں وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنے مستقبل کوتابناک اورکامیاب بنانے پر توجہ مرکو زکریں۔اعجازاحمدخان نے JKASکاتاج پہننے والے نوجوانوں اوراُن کے والدین کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایک کامیاب نوجوان ہی اپنے ہم عمر ساتھیوںکیلئے ایک بہترین روڈ ماڈل ہوتاہے ،اسلئے ہمارے نوجوانوںکوچاہئے کہ وہ اپنے ساتھیوں اوررشتہ دارنوجوانوںکی کامیابی سے سبق وحوصلہ لیکر اپنے مستقبل کوروشن اورباوقار بنانے کیلئے اپنی تعلیم پرتوجہ مرکوز کرکے اپنی معلومات کوزیادہ سے زیادہ بڑھانے کی کوشش کریں ،تاکہ اُنھیں کسی بھی طرزکے مسابقتی امتحان میں شامل ہوکر کامیابی پانے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔