پہلگام حملے کے متاثرین نے پاکستان کیخلاف کامیابی کومسترد کردیا

نئی دہلی/آئی اے این ایس// جیسے ہی ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے دبئی میں ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کے خلاف اپنی کامیابی کو پہلگام دہشت گرد حملے کے متاثرین اور وطن میں موجود مسلح افواج کے نام وقف کیا، مقتولین کے لواحقین نے اس اقدام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصل خراجِ عقیدت یہ ہوتا کہ میچ کھیلنے سے ہی انکارکیا جاتا۔ اتوار کا مقابلہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اس سال کے اوائل میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد پہلا بین الاقوامی میچ تھا، جو محض 146 دن بعد ہوا جب بائسارن ویلی میں چار دہشت گردوں نے 26 بے گناہوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے میچ کے بعد کہا تھا ہم پہلگام دہشت گرد حملے کے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ جیت ہم اپنے بہادر فوجی جوانوں کو وقف کرتے ہیں، جنہوں نے غیر معمولی جرات دکھائی۔ لیکن ان الفاظ نے غمزدہ لواحقین کے زخموں کو مزید ہراکردیا۔ نیوی کے لیفٹیننٹ ونئے نروال کے والد راجیش نروال نے کہا کہ ہندوستان کو پاکستان کے خلاف کھیلنا ہی نہیں چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے جو ہندوستانی زمین پر دہشت کرتا ہے، تو پھر اس کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت ہی کیا ہے؟ پہلگام حملے میں شہید سنتوش جگدالے کی اہلیہ پراگتی جگدالے نے کہا کہ یہ میچ ان کے لیے دردناک یاد دہانی تھا۔ انہوں نے کپتان سوریا کمار پر تنقید کرتے ہوئے کہا آپ کا خراجِ عقیدت بے معنی ہے۔ اگر آپ نے میچ کھیلا ہی نہ ہوتا تو ہمیں زیادہ فخر ہوتا۔ یہ سننا بھی ہمارے لیے تکلیف دہ تھا۔ انہوں نے بی سی سی آئی کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا کہ عوامی جذبات کے باوجود میچ کروایا گیا۔ ان کے مطابق حکومتِ ہند کو سمجھنا چاہیے کہ پاکستان کبھی نہیں بدلے گا، اس کے ساتھ کسی قسم کا تعلق نہیں رکھنا چاہیے۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے یہ زخم آج بھی تازہ ہیں، اور پاکستان کے خلاف کھیلاگیاکرکٹ میچ ان کے دکھ کو مزید گہرا کر گیا ہے۔