بنگلورو/ ایجنسیز //کرناٹک کے ہاسن ضلع میں جمعہ کی رات گنیش وسرجن جلوس میں ٹرک کے چڑھانے سے نو افراد ہلاک اور تقریباً 20 زخمی ہو گئے۔ پانچ افراد، جن کی شناخت ایک مقامی انجینئرنگ کالج کے طالب علم کے طور پر ہوئی جوموقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ ہاسن۔ہولنراسی پورہ ریاستی شاہراہ پر موسلے ہوساہلی گاؤں کے قریب پیش آیا۔ ایک کنٹینر ٹرک دو پہیہ والے سے بچنے کیلئے اچانک مڑ گیا، سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکراگیا اور سڑک کے دوسری طرف سے گزرنے والے گنیش وسرجن جلوس میں گھس گیا۔پانچ افرادموقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ چار افراد کی مقامی ہاسپٹل میں دوران علاج موت کی اطلاع ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں میں سے سات کا تعلق حسن ضلع سے تھا، ایک کا تعلق بلاری سے اور دوسرا چتردرگا سے تعلق رکھتا تھا۔ پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ ہاسن انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور منگلا ہاسپٹل میں داخل زخمیوں میں سے زیادہ تر کی حالت مستحکم ہے۔اس واقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی نے افسوس کا اظہار کیا اور اور وزیر اعظم ریلیف فنڈ سے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 2لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا گیا۔










