رُکن اسمبلی کرناہ نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور سادھنا ٹنل کی منظوری پر شکریہ اَدا کیا

رُکن اسمبلی کرناہ نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور سادھنا ٹنل کی منظوری پر شکریہ اَدا کیا

سری نگر//رُکن قانون ساز اسمبلی کرناہ جاوید احمد مرچال نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور سادھنا ٹنل کی منظوری کے لئے ان کی انتھک کوششوں پر ان کا شکریہ اَدا کیا۔ یہ ٹنل کرناہ کے لوگوںکی دیرینہ مانگ تھی۔سات کلومیٹر طویل سادھنا ٹنل جو قومی شاہراہ 701 پر 3,330 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی، کرناہ اور کپواڑہ ضلع ہیڈکوارٹر کے درمیان ہر موسم میں رابطہ فراہم کرے گی۔اِس منصوبے سے علاقے کے لوگوں کو طبی سہولیات، تعلیم اور دیگر ضروری خدمات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی بالخصوص سردیوں میں جب برفباری کے باعث سڑکیں بند ہو جاتی ہیں۔ رُکن اسمبلی جاوید احمد مرچال نے اس منصوبے کو ایک ’’انقلابی قدم‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا،’’وزیر اعلیٰ کی قیادت میں کرناہ جیسے دُور دراز اور سرحدی علاقوں کی ترقی کو نئی سمت ملی ہے۔ ہم شکر گزار ہیں کہ ہماری دہائیوں پرانی مانگ کو آخرکار منظوری مل گئی۔‘‘دوران ملاقات رُکن اسمبلی لولاب قیصر جمشید لون نے بھی کپواڑہ کے ایک اور دُور افتادہ علاقے مژھل کے لئے اِسی طرز کی ٹنل کا مطالبہ اٹھایا۔اُنہوں نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ یہ تجویز مرکزی حکومت کے ساتھ اُٹھائیں تاکہ مژھل سیکٹر کو بھی سال بھر سڑک رابطہ فراہم کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ارکان اسمبلی کو یقین دلایا کہ دُور دراز اور سرحدی علاقوں کے لئے سڑک رابطہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم مژھل ٹنل کے مسئلے کو متعلقہ حکام کے ساتھ سنجیدگی سے اُٹھائیں گے اور لوگوںکی مشکلات کو کم کرنے کے لئے ہر ممکن قدم اُٹھایا جائے گا۔