دہلی اسمبلی انتخابات:کانگریس کا وعدہ، 500روپے میں گیس سلنڈر اور 300یونٹ مفت بجلی

نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں کانگریس پارٹی نے ایک اور اہم اعلان کرتے ہوئے عوام سے بڑی سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ پارٹی نے کہا کہ پارٹی کے اقتدار میں آنے پر عوام کو 500 روپے میں گیس سلنڈر، 300یونٹ مفت بجلی اور مفت راشن کٹ دینے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں، کانگریس پارٹی خواتین اور نوجوانوں کے لئے بھی اعلانات کر چکی ہے۔
اس موقع پر دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ خواتین پر مہنگائی کا شدید اثر ہوا ہے، جس کے پیش نظر ’مہنگائی مکتی یوجنا‘ متعارف کرائی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ہر خاندان کو مفت راشن کٹ دی جائے گی جس میں 5کلو چاول، 2 کلو چینی، ایک لیٹر تیل، 6 کلو دال اور 250گرام چائے کی پتی شامل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دس برسوں میں مہنگائی نے غریب خاندانوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ یہ اقدامات خواتین کو گھریلو مسائل سے آزاد کر کے بچوں کی تعلیم اور خاندان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔اس موقع پر تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی بھی موجود تھے۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ کیجریوال اور وزیر اعظم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی اور کیجریوال میں کوئی فرق نہیں ہے، صرف نام کا فرق ہے۔ دہلی کو بہتر بنانا ہے تو کانگریس کی حکومت بنانا ضروری ہے۔
دہلی اسمبلی انتخابات: کانگریس کا وعدہ، 500 روپے میں گیس سلنڈر اور 300 یونٹ مفت بجلی
کانگریس نے دعویٰ کیا کہ جہاں عام آدمی پارٹی 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرتی ہے، وہاں کانگریس 300 یونٹ بجلی مفت دے گی۔ اس موقع پر پردیش کانگریس انچارج قاضی نظام الدین اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔