ممبئی : ممبئی پولیس کو آج ایک دھمکی آمیز پیغام ملا ، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ۔ یہ پیغام راجستھان اجمیر میں رجسٹرڈ نمبر سے بھیجا گیا تھا، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرنے فوری پولیس ٹیم بھیجی گئی۔ واٹس ایپ پیغام میں آئی ایس آئی کے دو ایجنٹوں اور وزیر اعظم مودی کو نشانہ بنانے بم دھماکہ کی منصوبہ بندی کا ذکر تھا۔ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ پیغام بھیجنے والا شخص ذہنی طور پر غیر مستحکم یا نشے میں دھت ہو سکتا ہے ۔اس معاملے میں انڈین جسٹس کوڈ کی مناسب دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ممبئی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن کو پہلے ہی کئی جھوٹے دھمکی آمیز پیغامات موصول ہو چکے ہیں۔گزشتہ 10 دنوں میں ممبئی ٹریفک پولیس کو اداکار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی والے دو پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ جمعہ کو ایک پیغام میں لکھا گیا کہ اگر سلمان خان اپنی جان بچانا چاہتے ہیں تو وہ راجستھان میں بشنوئی برادری کے مندر میں جائیں اور معافی مانگیں یا 5 کروڑ روپے دیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں توہم انہیں ختم کر دیں گے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہاکہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ نہیں لگتا، لیکن ہم کسی بھی دھمکی کو ہلکے سے نہیں لے سکتے۔










