ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے آر ڈی ڈی سیکٹر کے کام کاج کا جائزہ لیا

اعلیٰ معیار کے ساتھ کاموں کی بروقت تکمیل پر زور

بانڈی پور//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ منظور احمد قادری نے منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں منعقدہ ایک میٹنگ میں دیہی ترقی وپنچایتی راج محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں آر ڈی ڈی کے دائرہ اِختیار کے تحت دیہی علاقوں میں جاری سکیموں اور منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور دیہی ترقیاتی اَقدامات پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔جائزہ کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے آر ڈی ڈی سیکٹر کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں منریگا، پی ایم اے وائی۔جی (ایس اِی سی سی اور این او این ۔ ایس اِی سی سی)، پی ایم اے وائی۔جی اراضی کی الاٹمنٹ، یو ٹی کیپکس (سی ڈی اینڈ پی وائی ٹی ایس) اور اے بی ڈی پی کے تحت مختلف کاموں کی صورتحال شامل ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ بانڈی پورہ نے میٹنگ کوجانکاری دی کہ ضلع بانڈی پورہ 12 بلاکوں پر مشتمل ہے۔ منریگا کے تحت 11,424 گھرانوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے جس کی اُجرت کے اخراجات 1,162.46 لاکھ روپے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ یو ٹی کیپکس (سی ڈی اینڈ پی وائی ٹی ایس) مرحلہ اوّل کے تحت 9 کاموں کی منظوری دی گئی تھی جن میں سے 7 کو ٹینڈر کیا گیا ہے جس پر 42 لاکھ روپے کی مالی لاگت آئے گی۔ مرحلہ دوم کے لئے 47.37 لاکھ روپے کی مالی لاگت کے ساتھ 14 کاموں کی منظوری دی گئی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دیہی علاقوں کی ترقی میں منریگا کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ سکیم ملک اور آئین کی سوشلسٹ روح کی علامت ہے۔ اُنہوں نے کہا ،’’ ہمیں نچلی سطح پر رہتے ہوئے ملک کی خدمت اور آئین کا احترام کرنے کے اَپنے عزم کے ثبوت کے طور پر اس جذبے کو برقرار رکھنے کے لئے سخت محنت کرنی چاہیے۔‘‘اُنہوں نے آر ڈی ڈی کے بنیادی مقصد پر زور دیا جو دیہی کمیونٹیوں کی سماجی و اِقتصادی ترقی ہے۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ روایتی کاموں جیسے بندوں، راستوں اور گلیوں سے آگے بڑھ کر اپنی توجہ روزگار پیدا کرنے اور سکل ڈیولپمنٹ پر مرکوز کریں جو آر ڈی ڈی کے مشن کے بنیادی پہلو ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا ،’’مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لئے مقامی مہارتوں کو بروئے کار لانا ضروری ہے۔ عوام کی اعلیٰ توقعات کے ساتھ آر ڈی ڈی کو ان اُمنگوں کو پورا کرنے اور ان سے آگے بڑھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔‘‘اُنہوں نے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے رہنما خطوط پر عمل کرنے اور رکاوٹوں کو دور کرنے پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں سی پی او بانڈی پورہ، ڈی آئی او بانڈی پورہ، ڈی پی ایم این آر ایل ایم بانڈی پورہ، بانڈی پورہ، آلوسہ، گناستھان، سنبل اور نوگام کے بی ڈی اوز کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔