گاندر بل//وزیر برائے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے آج مقامی کھیلوں اور نوجوانوں کی مصروفیات کو فروغ دینے کیلئے صفا پورہ گاندر بل میں منعقدہ ٹیلنٹ ہنٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں شرکت کی ۔ فرینڈ ہیومینٹیرین ٹرسٹ صفا پورہ کے زیر اہتمام اس ٹورنامنٹ میں 16 ٹیموں نے حصہ لیا اور یہ جون سے نومبر 2024 تک جاری رہا ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ستیش شرما نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں اور کشمیر میں عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات کے قیام کیلئے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں میں فعال شمولیت کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں توازن پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود نوجوانوں کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے ، انہیں سماجی برائیوں سے دور رکھنے ، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ وزیر موصوف نے جموں و کشمیر بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا ۔ اس موقع پر وزیر نے کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کی ، ان کی حوصلہ افزائی کی اور دونوں ٹیموں کو ان کی کھیلوں کی مہارت اور لگن کی تعریف کے طور پر ٹرادیاں ، سرٹیفکیٹس ، کھیلوں کی کٹس اور نقد انعامات تقسیم کئے ۔ اس کے علاوہ منتظمین اور انڈر 15 کرکٹ ٹیم کو بھی مبارکباد دی گئی اور انہیں کھیلوں کی کٹس فراہم کی گئیں ۔ مسٹر ستیش شرما نے مانسبل جھیل کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ مانسبل کو آبی کھیلوں کی ایک اہم منزل کے طور پر تیار کرنے کیلئے ماہرین سے مشورہ کیا جا رہا ہے ، جو نہ صرف روز گار کے وسیع مواقع فراہم کرے گا بلکہ مقامی ٹیلنٹ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی مدد کرے گا ۔ وزیر موصوف نے کوہستان کالونی صفا پورہ میں ملٹی پرپز سپورٹس گراؤنڈ کیلئے مجوزہ جگہ کا بھی معائینہ کیا ۔ انہوں نے متعلقہ ریونیو حکام کو ہدایت دی کہ وہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس محکمے کی جانب سے مطلوبہ منصوبہ تیار کرنے سے پہلے تمام کورل فارملٹیز پوری کریں ۔ دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ اے سی آر گاندر بل ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ، ڈی وائی ایس ایس او ، تحصیلدار لار اور محکمہ کھیل اور ریونیو کے دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے ۔










