delhi

دیوالی کے بعد مسلسل دہلی کی ہوا زہریلی، آنند وہار کی حالت سب سے زیادہ خراب

دیوالی کے بعد دہلی کی ہوا مزید زہریلی ہو گئی ہے۔ ہفتہ کو دارالحکومت میں آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ یہاں اے کیو آئی یعنی ایئر کوالیٹی انڈیکس ایک بار پھر ’بہت خراب‘ کےزمرے میں پہنچ گیا۔ تاہم صبح کے وقت بہتری دیکھی گئی تھی۔
قومی دارالحکومت کا 24 گھنٹے کا اوسط اے کیو آئی ہفتہ کی شام 4 بجے 316 ریکارڈ کیا گیا جو کہ صبح 290 تھا۔ یہاں کے آنند وہار میں فضائی آلودگی کی سطح ’سنجیدہ‘ کے زمرے میں تھی جب کہ شہر کے 27 دیگر مانیٹرنگ اسٹیشنوں نے اے کیو آئی کو بہت خراب‘ زمرے میں درج کیا، جس کی سطح 300 سے اوپر ہے۔
تاہم، مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ(سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق، گروگرام (209)، گریٹر نوئیڈا (250) اور نوئیڈا (269) میں اے کیو آئی کی سطح قدرے بہتر تھی اور وہ ‘خراب‘ زمرے میں تھی، جبکہ فرید آباد کا اے کیو آئی166 رہا۔ لوگوں نے دیوالی کی رات پٹاخوں پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے کے باوجود، دہلی کی ہوا کا معیار سازگار ہواؤں کی وجہ سے توقع کے مطابق خراب زمرے میں نہیں پہنچا۔
قومی راجدھانی کو دن اور رات کے دوران دھند اور تیز ہواؤں نے گھیرے رکھا، جس سے موسم سرما کی آمد کا اشارہ ملتا ہے۔ دہلی میں دن کا درجہ حرارت 33.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.4 ڈگری زیادہ تھا۔ دن میں نمی کا تناسب 62 فیصد سے 88 فیصد کے درمیان رہا۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کی صبح دھند اور دن میں آسمان صاف رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔ اس عرصے کے دوران، زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 34 ڈگری سیلسیس اور 17 ڈگری سیلسیس کے قریب رہنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ صفر اور 50کے درمیان اے کیو آئی کو ‘اچھا‘، 51اور 100کے درمیان ‘اطمینان بخش‘، 101اور 200کے درمیان ‘اعتدال پسند‘، 201 اور 300 کے درمیان ‘خراب‘، 301 اور 400 کے درمیان’بہت خراب‘ س اور 401سے 450سنجیدہ‘ اور 450سے اوپر‘انتہائی سنجیدہ‘ سمجھا جاتا ہے۔