sheikhr dhawan

کرکٹ کے میدان میں پھر ہو رہی شکھر دھون کی واپسی، پریکٹس میں جم کر بہا رہے پسینہ

کرکٹ کے مداحوں کے لئے ایک خوش آئند خبر سامنے آ رہی ہے۔ انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق سلامی بلے باز شکھر دھون انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے کے بعد ایک بار پھر سے میدان پر واپسی کے لئے زور و شور سے تیاری کر رہے ہیں۔ جلد ہی انہیں ’لیجنڈس لیگ کرکٹ‘ (ایل ایل سی) میں کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پیر کے روز اس مایہ ناز بلے باز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں بلے بازی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ 38 سالہ سلامی بلے باز نے حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔ جس کی جانکاری انہوں نے ویڈیو پیغام کے ذریعہ دی تھی۔ اس کے اگلے ہی دن انہوں نے لیجنڈس لیگ کرکٹ میں کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب جلد ہی وہ اس لیگ میں جلوہ بکھیرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ لیجنڈس لیگ میں وہ گجرات گریٹس کا حصہ ہوں گے۔ انھوں نے اس سیزن کے لئے جم کر پسینہ بہانا بھی شروع کر دیا ہے۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ واپسی کرتے ہوئے اچھا لگ رہا ہے۔
واضح رہے کہ لیجنڈس لیگ کرکٹ کا دوسرا سیزن 20 ستمبر سے 16 اکتوبر کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کے مقابلے جودھپور، سورت، جموں اور سری نگر میں ہوں گے۔ اس بار یہ سیزن بہت خاص ہونے والا ہے، کیونکہ انڈین کرکٹ کے مایہ ناز کرکٹرز شکھر دھون، دنیش کارتک، امباتی رائیڈو، دھول کلکرنی، اور کیدار جادھو اس ٹورنامنٹ میں ڈیبیو کرنے والے ہیں۔ گزشتہ سیزن میں ہربھجن سنگھ، سریش رینا، محمد کیف، آرون فنچ، مارٹن گپٹل، گوتم گمبھیر، کرس گیل، ہاشم آملہ، اور راس ٹیلر جیسے سابق انٹرنیشنل کرکٹرس کے ساتھ ساتھ 110 دیگر کھلاڑیوں کو کھیلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔