’پی ایم مودی نے اگنی ویر اسکیم کے تعلق سے جھوٹ بولاہے‘، کانگریس نے ثبوتوں کیساتھ کیا حملہ

’پی ایم مودی نے اگنی ویر اسکیم کے تعلق سے جھوٹ بولاہے‘، کانگریس نے ثبوتوں کیساتھ کیا حملہ

’کارگل وجئے دیوس‘ (کارگل یومِ فتح) کے موقع پر وزیر اعظم مودی نے آج دراس پہنچ کر جنگ میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے اگنی پتھ اسکیم کی تعریف کرتے ہوئے اپوزیشن پر گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔ پی ایم مودی کے اس الزام اور بیان پر کانگریس نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے موقع پر بھی گھٹیا سیاست کر رہے ہیں۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کارگل یوم فتح پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھی گھٹیا سیاست کر رہے ہیں۔ ایسا اس سے پہلے کسی بھی وزیر اعظم نے نہیں کیا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ مودی جی کہہ رہے ہیں کہ ان کی حکومت نے فوج کے کہنے پر اگنی پتھ اسکیم نافذ کی تھی، یہ ایک کھلا جھوٹ اور طاقتور فوج کی ناقابل معافی توہین ہے۔ مودی جی صاف جھوٹ اور کنفیوژن پھیلا رہے ہیں۔ ملکارجن کھڑگے نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ سابق آرمی چیف (ریٹائرڈ) جنرل ایم ایم نرونے نے ریکارڈ پر کہا ہے کہ ’اگنی پتھ اسکیم‘ کے تحت 4 سال کی سروس کے بعد 75 فیصد لوگوں کو برقرار رکھنا تھا اور 25 فیصد لوگوں کو ریٹائر کرنا تھا۔ لیکن مودی حکومت نے اس کے برعکس کیا اور تینوں فوجی دستوں میں زبردستی اس منصوبے کو نافذ کیا۔ کھڑگے نے مزید کہا ہے کہ سابق آرمی چیف (ریٹائرڈ) جنرل ایم ایم نرونے ایک کتاب میں، جسے مودی حکومت نے شائع ہونے سے روک رکھا ہے۔
، یہ بھی کہا ہے کہ ’اگنی پتھ اسکیم‘ فوج کے لیے چونکا دینے والا تھا اور بحریہ و فضائیہ کے لیے یہ غیر متوقع اور بجلی گرنے جیسا تھا۔