rahul dravid

ٹی20ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے کوچ راہول ڈریوڈ نے آدھی انعامی رقم واپس کردی

بھارت کو ٹی20ورلڈ چیمپئنز بنانے والے ہیڈکوچ راہول ڈریوڈ نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی گئی آدھی انعامی رقم واپس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی دیگر کوچز کے برابر رقم دی جائے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے لیے 125 کروڑ (375 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کی انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے یہ انعامی رقم کھلاڑیوں، کوچنگ اور سپورٹ اسٹاف میں یکساں تقسیم کی تھی، جس کے تحت 15 رکنی اسکواڈ کو 5،5 کروڑ کے حساب سے رقم دی گئی تھی، کوچنگ اسٹاف کو ڈھائی، ڈھائی کروڑ ، جب کہ سلیکٹرز، ٹریولنگ ریزورز اور باقی اسٹاف کو ایک ایک کروڑ دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تاہم بھارت کو 17 سال بعد ٹی20 ورلڈ چیمپئن بنوانے والے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کے لیے اضافی ڈھائی کروڑ دینے کا اعلان کیا گیا تھا، یعنی انہیں ایک کھلاڑی کے برابر 5 کروڑ کی رقم ملنی تھی۔ بھارت کے سبکدوش ہونے والے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی دیگر کوچز کے برابر رقم لیں گے، یعنی باقی کوچز کی طرح انہیں بھی ڈھائی کروڑ کی انعامی رقم دی جائے۔ انہوں نے کرکٹ بورڈ سے کہا کہ وہ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کوچز کے مقابلے میں زیادہ رقم حاصل نہیں کرنا چاہتے، بلکہ ان کے برابر ہی انعامی رقم وصول کرنا چاہتے ہیں۔ جس کے جواب میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بورڈ راہول ڈریوڈ کے جذبات کی عزت کرتا ہے۔