مختلف حادثات میں دو بھائی سمیت 5افراد لقمہ اجل

سرینگر میں سڑک حادثے میں ایک خاتون کی موت، بانڈی پورہ میں عمر رسیدہ خاتون غرقآب، اودھمپور میں ڈوب کر لڑکا لقمہ اجل

سرینگر///مختلف حادثات میں دو سگے بھائیوں سمیت پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ کھڈونی کولگام میں سڑک کے ایک بھیانک حادثے میں جمعہ کی صبح ایک ٹرک اور موٹر سائیکل کے درمیان ٹکر ہونے کی وجہ سے دو بھائی لقمہ اجل بن گئے جبکہ سرینگر میں ایک خاتون سڑک حادثے میں ازجان ہوئی جبکہ بانڈی پورہ میں ایک خاتون دریاء میں گر کر لقمہ اجل بن گئیں جبکہ اودھمپو رمیں ایک کمسن لڑکا ڈوب فوت ہوا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے کھڈونی علاقے میں جمعہ کی صبح اُس وقت کہرام مچ گیا اور علاقہ غم و اندوہ میں ڈوب گیا جب سڑک کے ایک حادثے میں ایک ہی گھر کے دو سگے بھائی لقمہ اجل بن گئے ۔ ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر کے کولگام میں جموں سرینگر قومی شاہراہ کے ساتھ واقع کھڈوانی علاقے میں جمعہ کو ایک ٹرک کی زد میں آکر دو بھائیوں کی موت ہو گئی۔انہوںنے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد ٹرک کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔مہلوکین کی شناخت عادل احمد ڈار اور شبیر احمد ڈار ولد منظور احمد ڈار دونوں کھل ڈی ایچ پورہ کولگام کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے لاشیں تحویل میں لیکر قانونی اور طبی لوازمات کے بعد انہیں آخری رسوما ت کیلئے لواحقین کو سونپ دی ۔ ادھر جونہی دو بھائیوں کی لاشیں ان کے علاقہ پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا اور علاقہ ماتم کدے میں تبدیل ہوا۔ ادھر پولیس نے معاملے کی رپورٹ درج کرلی ہے ۔ دریں اثناء شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے ساڈونارا گاؤں میں جمعہ کی دوپہر ایک 70 سالہ خاتون غلطی سے دریائے جہلم میں پھسلنے سے ہلاک ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے احمدی شریف گاؤں کے رہائشی غلام محمد کی بیوی 70 سالہ حلیمہ کے نام سے ایک خاتون پھسل کر دریائے جہلم میں گر گئی۔انہوں نے کہا اسے فوری طور پر بچایا گیا اور سی ایچ سی حاجن منتقل کیا گیا جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔دریں اثنا، پولیس نے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ادھر وسطی کشمیر کے سری نگر ضلع کے ملورہ علاقے میں کل رات ایک سڑک حادثہ میں ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ ملورہ کے علاقے میں ایک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک معمر خاتون، جس کی شناخت سندرے بیگم، بیوی محمد رمضان کے نام سے ہوئی، تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی۔ اسے فوری طور پر جے وی سی اسپتال لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔دریں اثناء ادھم پور شہر کے آدرش کالونی علاقے میں کل رات ایک مسجد کے پانی کے ٹینک میں ڈوب کر ایک 8 سالہ لڑکے کی موت ہوگئی۔لڑکے کی شناخت محمد رضوان وانی ولد محمد رفیع وانی ساکنہ ضلع رامبن کے بٹوٹ علاقے کے طور پر ہوئی ہے۔ذرائع نے اس سلسلے میں بتایا کہ لڑکا اپنی سائیکل پر آدرش کالونی کی جامع مسجد میں نماز پڑھنے کے لیے گھر سے نکلا تھا اور واپس نہیں آیا۔’لڑکے کے ایک رشتہ دار نے بتایاکہ غروب آفتاب کے بعد جب لڑکا واپس نہیں آیا تو اس کے والدین نے اسے ڈھونڈنا شروع کیا اور جامع مسجد پہنچے جہاں انہیں اس کی سائیکل باؤنڈری وال کے باہر ملی۔ وہ دکانداروں اور مسجد انتظامیہ سے پوچھ گچھ کرتے رہے اور انہیں پانی کے ٹینک کے قریب کچھ نشانات ملے۔اورلڑکے کے والد اور دیگر مقامی لوگوں نے اسے ٹینک کے اندر پایا اور بھرپور کوششوں کے بعد اسے باہر لایا گیا۔‘‘حکام نے بتایا کہ لڑکے کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ادھم پور لے جایا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے اس معاملے میں بھی رپورٹ درج کرلی ہے ۔