اسٹار بھارتی وکٹ کیپر اور بلے باز رشبھ پنت نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے سنگین کار حادثے کے بعد ان کی ٹانگ کاٹے جانے کا امکان ظاہر کیا تھا جس سے ان کے کرکٹ کیریئر کے ختم ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔بدھ کو ٹائمز آف انڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے رشبھ پنت نے کہا کہ کرکٹ میں ان کی طویل غیر حاضری نے انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر نقصان پہنچایا ہے لیکن وہ جانتے ہیں کہ یہ اس سے کہیں زیادہ خراب ہو سکتا تھا۔بھارتی کرکٹر نے بتایا کہ جب میرا حادثہ ہوا تو مجھے لگا کہ کسی روحانی چیز نے مجھے بچایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کے حادثے کا میں نے سامنا کیا اس میں صرف میرے گھٹنے پر زخم آئے، لیکن میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ یہ کتنا برا ہو سکتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے مجھ سے ٹانگ کاٹنے کے بارے میں بھی بات کی تھی۔یاد رہے کہ دسمبر 2022 میں نئی دہلی کے شمال میں رشبھ پنت کی مرسڈیز ایس یو وی کو حادثہ پیش آیا تھا، ان کی گاڑی بیرئیر سے ٹکرا کر پلٹ گئی تھی اور اس میں آگ لگ گئی تھی، اس واقعہ میں انہیں کئی چوٹیں بھی آئیں تھی۔حادثے کے بعد انہیں فورا ہسپتال لے جایا گیا تھا، بعد ازاں مزید علاج اور سرجری کے لیے ہوائی جہاز سے انہیں ممبئی منتقل کردیا گیا تھا۔بھارتی کھلاڑی نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حادثے نے ان کا پورا نقطہ نظر بدل کر رکھ دیا ہے۔یاد رہے کہ 26 سالہ نوجوان حادثے کے باعث 14 ماہ کی غیر حاضری کے بعد اس ماہ شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپٹلز کے لیے کھیلنے کے لیے تیار ہے۔اگر آئی پی ایل میں ان کی واپسی پر سب کچھ ٹھیک رہا تو وہ جون میں ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے بھی تیار ہیں۔واضح رہے کہ رشبھ پنت نے 2017 میں بین الاقوامی ڈیبیو کرنے کے بعد سے تینوں فارمیٹس میں 129 بار بھارت کی نمائندگی کی ہے۔گزشتہ سال ڈیوڈ وارنر کو ان کی جگہ دہلی کیپٹلس کا کپتان بنادیا گیا تھا۔دو دن قبل ہی بھارتی کرکٹ بورڈ نے رشبھ پنت کو آئی پی ایل میں کھیلنے کے لیے فٹ قرار دیا ہے۔










