سیکرٹری نے ’’ ورلڈ گرین سٹوریج پروجیکٹ‘‘ کے تحت اَناج سٹوروں کے قیام کی پیش رفت کا جائزہ لیا

سیکرٹری نے ’’ ورلڈ گرین سٹوریج پروجیکٹ‘‘ کے تحت اَناج سٹوروں کے قیام کی پیش رفت کا جائزہ لیا

اَفسروں کو مقامات کو حتمی شکل دیتے وقت طے شدہ پیرامیٹروں پر عمل کرنے کی ہدایت

جموں// سیکرٹری اِمداد باہمی ببیلا رَکوال نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر کے تمام اَضلاع میں مرکزی حکومت کے اہم اَقدام ’’ورلڈ گرین سٹوریج پروجیکٹ‘‘ کے تحت اناج کے سٹوروں کے قیام کے لئے زمین کی نشاندہی کرنے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ اَب تک 16 اَضلاع میں کُل 56 اراضی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں جموں میں 3، سانبہ میں ایک، کشتواڑ، کٹھوعہ، شوپیاں، پونچھ کولگام اور ڈوڈہ میں پانچ پانچ، اودھمپور میں 2، بڈگام میں 4، پلوامہ میں 3، سری نگر، رِیاسی، گاندربل، اَننت ناگ اور راجوری میں ایک ایک شامل ہے۔سیکرٹری موصوفہ نے اِن اناج کے سٹوروں کو بڑھانے کے لئے باقی جگہوں کی نشاندہی کرنے کے بارے میںاَفسروں پر زور دیا کہ وہ ایک ہفتے کے اَندر اَندر اِس بات کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے باوقار منصوبوں کی تکمیل میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی کیوں کہ اِس سے ترقیاتی عمل بُری طرح متاثر ہوتا ہے۔اُنہوںنے متعلقہ اَفسران سے کہا کہ وہ منصوبے پر عمل در آمد کے لئے گائیڈ لائنز کے تحت طے کردہ تمام پیرامیٹروں کو مد نظر رکھتے ہوئے سٹور کے لئے اسے حتمی شکل دینے کے لئے ذاتی طور پر مقامات کا دورہ کریں۔ اُنہوں نے تمام ڈپٹی رجسٹراروں کو مزید ہدایت دی کہ وہ اَپنے دائرہ اِختیار میں کم از کم سات مقامات کی نشاندہی کو یقینی بنائیں اور عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لئے دُور دراز علاقوں کے اِنتخاب پر زور دیں۔میٹنگ میں رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز، سپیشل سیکرٹری یونین کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ کے اور ایڈیشنل سیکرٹری ، جوائنٹ رجسٹرار بینکنگ اینڈ فائنانس جموں و کشمیر، ڈائریکٹر فائنانس کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی رجسٹراروں اور دیگر متعلقہ افسران نے ذاتی طور پر اور آن لائن شرکت کی۔