رِیاسی// سکریٹری منصوبہ بندی ، ترقی و نگرانی محکمہ محمد اعجاز اسد نے ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی وشیش پال مہاجن کے ہمراہ بلاک پونی کے پنچایت بھمبلہ میں عوامی شکایات کیمپ کی صدارت کی۔ کیمپ کا مقصد بھمبلہ اور ملحقہ علاقوں میں لوگوں کے مسائل اور مطالبات کا اَزالہ کرنا تھا۔بھمبلہ اور آس پاس کے علاقوں کے مکینوں نے اَپنی روزمرہ کی زندگی میں درپیش چیلنجوں اور مسائل سیکرٹری موصوف کو گوش گزارکئے جس میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، صحت سہولیات، محکمہ صحت میں عملے کی کمی، کالی دھر مندر کے قریب ایک پُل کی تعمیر، زیر اِلتوا ٔسڑکوں کی تکمیل، سکول کی اَپ گریڈیشن، پی ایم اے وائی کا تازہ سروے، بندروں کا خطرہ، ایمبولینس کی دستیابی، سکولی عمارت کی مرمت ، بعض علاقوں میں کم وولٹیج اور کھیل میدان کی تعمیر سمیت متعدد مسائل شامل ہیں۔ مختلف سرکاری محکموں بشمول زراعت، صحت، مویشی پروری، باغبانی اور سماجی بہبود نے بلاک پونی کے پڑوسی علاقوں کے رہائشیوں کو مرکزی اور جموں و کشمیر یونین ٹریٹری سکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے سٹال لگائے گئے ہیں۔ اِس موقعہ پر لوگوں کو متعلقہ سکیموں کے بارے میں جاننے اور فائدہ اُٹھانے کا موقعہ ملا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری منصوبہ بندی نے کہا کہ محکمہ کھیل اور کونسل کھیل کے میدانوں کے لئے موزوں اَراضی کی نشاندہی کے لئے جلدسروے کریں گے۔ اُنہوں نے لوگوں کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے حکومتی عزم پر زور دیا اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے شکایات کیمپوں کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اعجاز اسد نے’’ ایل جی ملاقات پروگرام‘‘کو لوگوں کے لئے منوج سِنہا کے ساتھ براہِ راست شکایات اُٹھانے کے لئے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طورپر ذِکر کیا اور عوام کو حقیقی مسائل کے اِظہار کے لئے اِس پلیٹ فارم کو اِستعمال کرنے کی ترغیب دی۔ اُنہوں نے پانی کی قلت کے مسئلے کے حوالے سے بتایا کہ بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) باقاعدگی سے متاثرہ علاقوں میں پانی کے ٹینکروںکی فراہمی کر رہا ہے ہے۔ مزید برآں، اُنہوں نے کہاکہ پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے اِنجینئروں کی ایک ٹیم جلد ہی علاقے کا دورہ کرے گی۔اعجاز اَسد نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مختلف مرکزی اور جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری سکیموں سے فائدہ اُٹھائیں۔ اُنہوں نے مقامی کاریگروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پی ایم وشوکرما سکیم میں اَپنا اِندراج کروائیں تاکہ اس کا فائدہ اُٹھایا جاسکے۔اِس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی سکھ دیو سنگھ سمبیال، پی او پوشن محمد انور بانڈے، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ سنیتا کنچن، اے سی ڈی پردیپ کمار، سی اِی او، بی ایم او، چیف ایگری کلچر اینڈ ہارٹی کلچر آفیسر، تحصیل دار، بی ڈی او پونی اور دیگر سینئر ضلعی افسران موجود تھے۔










