jitandar singh

مودی سرکار میں جموں کشمیر میں امن کی صورتحال بہتر ہوئی

وزیر اعظم خطے کی ترقی کے متمنی ، اپنے دورہ کے دوران کئی پروجیکٹوں کاا فتتاح کریں گے ۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ

سرینگر//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جموں کشمیر میں وسیع ترقی کے متمنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار میں جموں کشمیر میں امن و سلامتی کی صورتحال بہتر ہوئی ، تشدد میں کمی واقع ہوئی اور ڈیولپمنٹ کے ساتھ ساتھ سیاحت کو فروغ ملا ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے منگل کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 20 فروری کو جموں و کشمیر کے اپنے دورے کے دوران متعدد منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر سنگھ اپنے پارلیمانی حلقہ ادھم پور میں کٹرا-دہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے ادھم پور اور کٹھوعہ ریلوے اسٹیشنوں پر اسٹاپیج کی نگرانی کے لیے تھے۔ وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت نے کہا کہ مودی جموں میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ سنگھ نے ادھم پور میں نامہ نگاروں کو بتایا، “ہم چاہتے تھے کہ وزیر اعظم انتخابی ضابطہ اخلاق کے آغاز سے قبل جموں و کشمیر کا دورہ کریں۔ ان کے پروگرام کو 20 فروری کو حتمی شکل دی گئی ہے جس کے دوران وہ مختلف پروجیکٹوں کا آغاز کریں گے اور ایک عوامی میٹنگ سے بھی خطاب کریں گے۔ قبل ازیںوزیر نے آج صبح کیپٹن تشار مہاجن ریلوے اسٹیشن سے ٹرین کے پہلے اسٹاپیج کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور بعد میں اس پر سفر کرکے کٹھوعہ ریلوے اسٹیشن پہنچے، جہاں ٹرین نے اپنا پہلا اسٹاپیج بنایا۔ ادھم پور اور کٹھوعہ ریلوے اسٹیشنوں پر درمیانی فاصلہ والی سپر فاسٹ ایکسپریس ٹرین کا دو منٹ کا اسٹاپیج دونوں اضلاع میں لوگوں کی سہولت کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔ دونوں اضلاع ادھم پور پارلیمانی حلقہ میں آتے ہیں۔اپنے دورے کے دوران، وزیر اعظم سانبہ کے وجے پور میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ، ضلع ریاسی میں چناب پر سب سے بلند ریلوے پل، اودھم پور میں دیویکا پروجیکٹ، آئی آئی ایم جموں اور شاہ پور-کنڈی ڈیم پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم اپنے دورہ کے دوران لوگوں کے ساتھ براہ راست خطاب کریں گے اور کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے ۔