جموں//سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) بھوپندر کمار نے اَپنے توسیع معائینے کے دوران جموں۔اَکھنور سڑک کو چوڑا کرنے کے پروجیکٹ میں جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔سیکرٹری کے ہمراہ جنرل منیجر این ایچ آئی ڈی سی ایل، ڈائریکٹر فائنانس پی ڈبلیو ڈی، ڈائریکٹر پلاننگ پی ڈبلیو ڈی، سائٹ اِنجینئر این ایچ آئی ڈی سی ایل، متعلقہ تحصیلدار اور این ایچ آئی ڈی سی ایل کے سائٹ اِنجینئران بھی تھے۔ معائینے میں خصوصی طور پر 30 کلومیٹر 4 لین سڑک کو چوڑا کرنے کے پروجیکٹ کے پیکیج 1 اور 3 پر توجہ مرکوز کی گئی جس سے اکھنور ، راجوری اور پونچھ اَضلاع کے سفر میں آسانی ہوگی۔ سیکرٹری موصوف بھگوتی نگر، مٹھی، دومانہ، کنگریل، اکھنور اور سڑک پر دیگر اہم مقامات پر معائینے کے دوران رُکے۔سیکرٹری نے بھگوتی نگر فلائی اوور کا معائینہ کرتے ہوئے این ایچ آئی ڈی سی ایل حکام کو ہدایت دی کہ وہ 1.35 کلومیٹر طویل فلائی اوور پر کام میں تیزی لائیں اور جنوری 2025ء کی مقررہ مدت کے اندر پروجیکٹ کو مکمل کریں۔ یہ فلائی اوور شہر میں ٹریفک کو کافی حد تک کم کرے گا۔مٹھی اکھنور سیکشن پر این ایچ آئی ڈی سی ایل کے انجینئروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ کام میں تیزی لائیں اور بقیہ حصوں اور نامکمل پُلوں کو مکمل کریں تاکہ مسافر سڑک پر محفوظ اور آرام دہ سفر کر سکیں۔اُنہوں نے چناب پر اکھنور کے مقام پر 450 میٹر لمبے زیر تعمیر پُل کا بھی معائینہ کیا۔ سیکرٹری کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور یقین دلایا گیا کہ چناب پر پُل سمیت 7.42 کلومیٹر اکھنور بائی پاس مارچ 2025ء تک مکمل کیا جائے گا۔بھوپندر کمار نے این ایچ آئی ڈی سی ایل حکام کو ہدایت دی کہ وہ مسائل کے بروقت حل کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باقاعدگی سے رابطہ برقرار رکھیں۔










