جموں//سیکرٹری منصوبہ بندی ترقی اور مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈی اینڈ ایم ڈی ) اعجاز اسد نے آج محکمہ دیہی ترقی کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کی تا کہ جموں و کشمیر میں ’’ حمایت ‘‘ اسکیم کے نفاذ پر پیش رفت کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ یہ میٹنگ حمایت اسکیم ( پی ایم ڈی پی پروجیکٹ ) کی موجودہ صورتحال کا تجزیہ کرنے کے ساتھ ساتھ حکمت عملیوں پر غور کرنے کیلئے بلائی گئی تھی جس کا مقصد یو ٹی میں مہتواکانکشی پروگرام کے موثر نفاذ کو یقینی بنانا تھا ۔ اقتصادی ترقی اور روز گار کے مواقع کو فروغ دینے میں اسکیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سیکرٹری نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ استفادہ کنندگان کو اس اسکیم کے کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں مزید تیز کریں ۔ سیکرٹری نے دیہی ترقی کے محکمہ کے افسران سے کہا کہ وہ ممکنہ فائدہ اٹھانے والوں کو دی جانے والی تربیت اور اس کے نتیجے میں ان کو ملنے والی تقرری کے مواقع کے درمیان موجودہ فرق کے بارے میں معلومات فراہم کرے ۔ اس اسکیم کو شروع کرنے کا بنیادی مقصد تربیت یافتہ افراد کو فائدہ مند روز گار کے ساتھ سہولت فراہم کرنا ہے ۔اعجاز اسد نے سکیم پر عمل درآمد میں موجودہ خامیوں کا جائیزہ لیا اور افسران سے کہا کہ وہ پروگرام کے تحت مقررہ اہداف کے حصول میں رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کام کریں اور ان کے تدراک کیلئے تجاویز دیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر عملدرآمد کی حکمت عملی کو بہتر بنانے ، چیلنجوں سے نمٹنے اور اسکیم کے بنیادی مقاصد کے حصول کیلئے عمل کو ہموار کرنے کیلئے باہمی تعاون سے کام کرنے کی تاکید کی ۔










