جموں//سیکرٹری اِمداد باہمی محکمہ ببیلا رکوال نے آج سول سیکرٹریٹ جموں میں جموں و کشمیر سٹیٹ کوآپریٹیو ایگری کلچر اینڈ رورل ڈیولپمنٹ بینک لمٹیڈ کی شاخوں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔جموں و کشمیر کارڈ بینک لمیٹڈ کے ایڈمنسٹریٹر راکیش دوبے نے بینک کے کام کاج کے بارے میں ایک مختصر نوٹ پیش کیا۔منیجنگ ڈائریکٹروسی ای او نے چیئرکو بینک کے اہم مالیاتی پیرامیٹروں کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیکرٹری نے متعلقہ افسران و ملازمین پر زور دیا کہ وہ مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کے لئے اَپنی کوششوں کو بالخصوص این پی اے کی وقتی وصولی کے حوالے سے مزید تیز کریں۔ببیلا رکوال نے بینک کے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اَفسران اورملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ میٹنگ میں ڈپازٹس، قرض اور ایڈوانسز، سی ڈی تناسب، این پی اے کے خلاف ریکوری، قرض کی تقسیم اور دیگر متعلقہ امور سمیت مختلف اہم پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔میٹنگ میں رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز، ڈائریکٹر فائنانس کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری، کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ، ایڈمنسٹریٹرجموںوکشمیر ایس کارڈ بینک لمٹیڈ، منیجنگ ڈائریکٹر جموںوکشمیر ایس کارڈ بینک لمیٹڈ، منیجنگ ڈائریکٹر، ڈی سی سی بیز اور جموںوکشمیر ڈویژن کی تمام برانچوں کے برانچ سربراہان نے بھی شرکت کی۔










