کولگام // ضلع اِنتظامیہ کولگام نے ہفتہ کے روز تبدیل ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کی بطور ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر کے عہدے پر تبادلے پر ایک پُر وقار تقریب کا اِنعقاد کیا۔افسران وملازمین نے ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطورضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بلال احمد نے متعدد اقدامات اُٹھائے جن سے نہ صرف اہم مسائل کا اَزالہ ہوا بلکہ روشن مستقبل کی بنیاد بھی رکھی گئی۔اُنہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں سربراہی سے لے کر سماجی بہبود کے پروگراموں کو فروغ دینے تک ان کی قیادت نے ضلع میں ایک واضح تبدیلی لائی۔تقریب میں موجود افسران،ملازمین اور پی آر آئیز نے ڈاکٹر بلال احمدکے کام کرنے کے انداز، قائدانہ صلاحیتوں اور عوام کی خدمت کے لئے ان کی ذمہ داری اور لگن کو سراہا اور ان کی نئی ذمہ داری کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام کی حیثیت سے اَپنی تین سالہ مدت کے دوران سرکاری فرائض اور ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لئے ان کی بہترین کاوشوں اور فعال حمایت اور تعاون کے لئے افسران کی تعریف کی۔اُنہوں نے کولگام کے لوگوں کی طرف سے ان پر جو عزت اور محبت دی ہے اس کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔بعد میں اَفسران نے تبدیل ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کو محبت کی علامت کے طور پر تحائف پیش کئے۔










