9جنوری کو ہلکی بارشوں اور برفباری کے چلتے 14جنوری تک بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں / محکمہ موسمیات
سرینگر // چلہ کلان کے سخت تیور کے بیچ سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ سرینگر میں مسلسل درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ دن میں کھلی دھوپ نکلنے کے باعث وادی کشمیر میں شبانہ سردیوں کا زور جاری ہے ۔ شبانہ سردیوں میںاضافہ کے بیچ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیاجبکہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں تک موسمی صورتحال مجموعی طور پر بہتر رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ موسمی صورتحال میں 9جنوری کو معمولی تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے تاہم 14جنوری تک موسم مجموعی طو رپر خشک ہی رہے گا ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق شدید سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس دوران صبح و شام یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے عام زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔اگرچہ رات بھر آسمان کھلا رہتا ہے تاہم اس دوران کھلے آسمان کی وجہ سے سردی میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ رات کے وقت ہڑیوں کو گلا دینے والی اس سردی کی وجہ سے بیشتر لوگ گھروں سے باہر نہیں آتے۔دن بھر اگر چہ کبھی کبھی فضاء میں سورج بھی جلوا ہ افروز ہوتا تاہم اس دوران بھی سرد ہواؤں کی لہر سورج کی تمازت کو کھا جاتی ہے۔شہر سرینگر سمیت وادی کے جنوب و شمال میں سردیو ں کی وجہ سے صبح دیر سے دن شروع ہوتا ہے اور شام کو جلد ہی رات ہونے کی وجہ سے اوقات کار میں بھی کمی آئی ہے۔ موسم سرماکی آمد کے ساتھ ہی وادی میں عام زندگی اگر چہ متاثر ہوتی ہے تاہم سخت ترین سردیوں اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے اس میں اضافہ ہوتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں شبانہ درجہ حررات منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ اس سال 13 دسمبر کے برابر ہے جو شہر سرینگر میں اس موسم کی اب تک کی سرد ترین رات تھی۔انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہرہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں بھی کوکرناگ میں گزشتہ رات منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم منفی 2.9 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ کپواڑہ قصبے میں گزشتہ رات منفی 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں گزشتہ رات 5.1 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیشگوئی کی ہے کہ 8جنوری تک موسم صاف رہنے کی توقع ہے۔ تاہم 9جنوری کو موسم ابر آلوداورکہیں کہیں ہلکی بارشوں اور برفباری کا امکان ہے ۔










