سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ نے سری نگراور گاندربل میں اِنسپکشن مہم چلائی

سری نگر //سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ نے جموں و کشمیر گڈز اینڈ سروسز ٹیکس ایکٹ 2017 کی دفعات کی تعمیل کو یقینی بنانے ، ٹیکس چوری کی روکتھام اور صارفین میں ٹیکس کے تحت ان کے حقوق کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے آج ضلع سری نگر اور گاندربل اَضلاع میں اِنسپکشن مہم جاری رکھی۔ٹیموں نے ڈپٹی کمشنر اپیلز I کشمیر تبسم شفاعت کاملی کی قیادت میں ضلع سری نگر اور گاندربل کے مختلف علاقوں کا معائینہ کیا۔ ان علاقوں میں زینہ کدل، ایس آر گنج، کے کے محلہ، بوہری کدل اور سرکل سی کشمیر کے دائرہ اختیار میں آنے والے دیگر قریبی علاقے شامل تھے۔ اُنہوں نے نوگام اور سرکل ون کشمیر کے تحت آنے والے ملحقہ علاقوں کے ساتھ ساتھ ضلع گاندربل کے ناگہ بل، ملہ شاہی باغ، بیہامہ، دودر ہامہ اور توحید آباد علاقوں کا بھی معائینہ کیا۔معائینے کے دوران کئی بڑی خلاف ورزیاں دیکھی گئیں۔ کچھ کاروبار غیر رجسٹرڈقابلِ ٹیکس ادارے پائے گئے جب کہ دوسروں کے پاس ٹیکس سے بچنے کے لئے متعدد جی ایس ٹی نمبر پائے گئے۔جی ایس ٹی ایکٹ2017 کے سیکشن 122 کی خلاف ورزی کے واقعات بھی سامنے آئے جہاں کاروبار کسٹمر انوائسز پر جی ایس ٹی کے جز کی ظاہر کرنے میں ناکام رہے۔ دیگر خلاف ورزیوں میں بیرونی سپلائی کو دبانا، صارفین کو جی ایس ٹی انوائس جاری کرنے میں ناکامی، جی ایس ٹی ایکٹ 2017 کے سیکشن 130 کی شرائط کی خلاف ورزی اور ای وے بل تیار کرنے میں ناکامی شامل ہیں۔ ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں جُرمانے ہوں گے۔متعلقہ دائرہ اِختیاری افسروں کو موقعہ پر ہی ہدایت دی گئی کہ وہ جی ایس ٹی ایکٹ 2017 کی دفعات کے مطابق ضروری اَقدامات کریں اور ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی شروع کریں۔ اس کا مقصد سرکاری خزانے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔معائینے کے دوران جی ایس ٹی کی تعمیل پر زور دیا گیا اور ڈیلروں کو جی ایس ٹی ایکٹ کی دفعات سے واقف کیاگیا۔ ڈیلروںکو بغیر کسی پریشانی تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ کی طرف سے مدد کی یقین دہانی کی گئی ۔ ایکٹ کی دفعات اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کی خلاف ورزی سے متعلق آگاہی بھی دی گئی۔ اَب تک غیر رجسٹرڈ تاجروں کو قانون کے دائرے میں لانے پر خصوصی توجہ دی گئی تھی۔اِنسپکشن میں شامل ٹیموں میں طاہر محی الدین، اعجاز چودھری، محمد سرفراز خان، پرویز احمد بٹ اور دیگر افسران شامل تھے۔