درگاہ حضرتبل کے تمام افسران کی معطلی کا حکم نامہ جاری
سری نگر//جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن نے عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر فرائض میں غفلت برتنے پر درگاہ حضرت بل کے تمام افسران اور عملے کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق حکم نامے کے مطابق یہ کارروائی عوام کی شکایات کے پیش نظر عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر چیئرپرسن کی جانب سے درگاہ حضرت بل کے اچانک دورے کے دوران کی گئی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ پایا گیا کہ متعلقہ عملے کی شدید لاپرواہی نے عقیدت مندوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔”متعلقہ افسران اور زمینی عملہ کے بار بار احکامات اور ہدایات کے باوجود عقیدت مندوں کو مناسب سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس کے پیش نظر درگاہ حضرت بل کے تمام افسران اور عملے کو فرائض میں سنگین غفلت برتنے پر فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے چیئرپرسن کی سربراہی میں انکوائری ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔یہ خبر منظر عوام پر آنے کے بعد عوامی حلقوں نے اس کارروائی کو مناسب ٹھہرایا ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف درگاہ حضرت بل کا ہے بلکہ اکثر درگاہوں پر یہی طرز عمل اپنایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ذائرین کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔










