ضلع ترقیاتی کمشنر نے جلد اَز جلد اَزالے کیلئے لوگوں کے مسائل سنے
کولگام// ضلع اِنتظامیہ کولگام نے ہفتہ وار’ بلاک دیوس‘ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر اور ضلع میں شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے مقصدسے آج ضلع کے تین بلاکوں دیوسر ، کولگام اور ڈی ایچ پورہ میں عوامی مسائل ، شکایات اور مطالبات کا جائزہ لینے کے لئے عوامی رابطہ پروگراموں کا انعقاد کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے کولگام میں شکایات اَزالے کیمپ کی صدارت کی۔شکایات اَزالے پروگرام میں ہادی گام ، محمد پورہ ، بہی باغ ، او ریل ، نگین پورہ ، کنڈ ، کتراسو اور دیگر علاقوں کے لوگوں نے شرکت کی اور بینک برانچ کے قیام ، پُل کی تعمیر ، سڑک کی تعمیر ، میکڈیمائزیشن کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں سمیت متعدد مختلف مطالبات اور مسائل پیش کئے۔پی آر آئی ممبران اور مختلف علاقوں کے لوگوں نے بھی ضلع ترقیاتی کمشنر کو اَپنے مسائل اور شکایات گوش گزار کئے اور اَپنے علاقوں کے مختلف ترقیاتی مطالبات پیش کئے۔اَفسران اور محکموں کے سربراہان نے اَپنے محکموں سے متعلق لوگوں کے سوالات اور شکایات کا جواب دیا اور اُنہیں مختلف فلاحی سکیموں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کے مسائل اور مطالبات بغور سنا اور موقعہ پرہی فوری نوعیت کی شکایات کا اَزالہ کیا۔اِس سے قبل اے سی ڈی کولگام نے گزشتہ بلاک دیوس میں اُٹھائے گئے مختلف شکایات اور مسائل پر کی گئی کارروائی کے بارے میں بھی جانکاری دی۔دریں اثنأ ، ضلع اِنتظامیہ کے اَفسران نے دیوسر اور ڈی ایچ پورہ میں بھی عوامی رَسائی پروگرام منعقد کئے اور لوگوں کے مسائل اور شکایات سنیں اور ان کے بروقت ازالے کا یقین دِلایا۔










