ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے مگس بانی سے متعلق دو روزہ سمینار کا اِفتتاح کیا

مگس پالن کسانوں کی آمدنی اور روزگارکے مواقع کو بڑھانے کیلئے ایک اہم قدم ہے۔ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے ضلع بارہمولہ کے اِستفادہ کنندگان کی حوصلہ اَفزائی کے لئے ڈاک بنگلہ میں مگس بانی کے بارے میں دو روزہ سمینار کا اِفتتاح کیا۔ پروگرام کا اہتمام محکمہ زرعی پیداوار و بہبود کساناں بارہمولہ نے نیشنل بی اینڈ ہنی مشن (این بی ایچ ایم) کے تحت کیا تھا جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اعجاز عبداللہ صراف ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ایم یوسم راتھر ، چیف ایگری کلچر آفیسر اور مگس پالن کسانوں ، ترقی پسند کسان اور دیگر شراکت داروں نے شرکت کی۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مگس پالن کی اہمیت کو کسانوں کی مجموعی آمدنی کے اعزازی ذریعہ کے طور پر اُجاگر کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ بارہمولہ ضلع میں نوجوانوں کی بڑی تعداد مگس پالن کو آمدنی اور روزی روٹی کمانے کے لئے ایک اہم کاروبار کے طور پر لے رہی ہے۔اُنہوں نے نوجوانوں کو آگے آنے اور مگس پالن کے یونٹ قائم کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ مگس پالن اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے محکمہ کی جانب چلائے جانے والے پروگرام اور سکیموں سے فائدہ اُٹھائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ مگس پالن ایک کاروبار کے طور پر بے زمین کسانوں سمیت نوجوانوں کے لئے آمدنی اور ذریعہ معاش کے مواقع بڑھانے کے لئے ایک اہم قدم ہو سکتا ہے۔ مزید برآں اُنہوںنے دیگر پیداوار کی کاشت کے ذریعے زرعی سرگرمیوں کو بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ مقامی لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہو۔دریں اثنا، محکمہ زراعت کی جانب سے لوگوں کو معیاری اور اچھی طرح سے پروسیس شدہ شہد کی فراہمی کے لئے مختلف قسم کے مکھیوں کے سٹال لگائے گئے۔