گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر جو ضلع مجسٹریٹ بھی ہیں ، نے آج ڈسٹرکٹ لیول نار کو کوآرڈی نیشن کمیٹی ( این سی او آر ڈی) کی 14 ویں میٹنگ منعقد کی جس میں ضلع میں منشیات کے اِستعمال او منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کے لئے عملائے جانے والے اِداروں کے اَقدامات کا جائزہ لیاگیا۔میٹنگ میں منشیات کی لت کے واقعات ، تشویشناک علاقوں اور منشیات کے اِستعمال کے ہاٹ سپاٹ اور منشیات کی بدعت کو روکنے کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی جانب سے کئے گئے اَقدامات سے متعلق مختلف اَمور پر تفصیلی تبادلہ خیا ل ہوا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام شراکت داروں سے ڈرگ ایڈکشن اورمحدود فصلوں کی کاشت کے بارے میں ڈیٹا طلب کیا۔ضلع میں بھنگ کی کاشت کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تحصیل داروں نے بتایا کہ بھنگ ، خشخاش اور دیگر سائیکوٹاپک مادوں کے غلط اِستعمال کے حوالے سے ان کے دائرہ اِختیار کے مختلف علاقوں میں بیداری کیمپ ، روڈ شو اور پیرنٹ ۔ٹیچر میٹنگوں کا اِنعقاد کیا گیا۔اُنہیں ہدایت دی گئی کہ مسجد اور محلہ کمیٹیوں پر مشتمل اِس قسم کی محدود فصلوں کی تباہی کو مزید تیز کیا جائے ۔ اِس کے علاوہ ان کے دائرہ اِختیار میں منشیات کے عادی اَفراد اور منشیات فراہم کرنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے تاکہ ان کے مطابق مناسب کارروائی شروع کی جائے ۔میٹنگ میں ضلع میں ریٹیل میڈیکل شاپوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب او رکمپیوٹرائزڈ بِلنگ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر نے بتایا کہ تقریباً 75 فیصد دُکانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں ۔ اِس کے علاوہ میونسپل کے دائرہ اِختیار میں تمام دُکانیں کمپیوٹر ائزڈ بِلنگ میں تبدیل ہوچکی ہیں۔دورانِ میٹنگ ضلع میں ’ نشا مُکت پنچایت ‘ مہم کو حاصل کرنے کے پیرا میٹروں کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو ماہانہ پیش رفت رِپورٹ اور مہم کے دوران کی گئی سرگرمیوں کو شیئر کرنے کی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں ایس ایس پی گاندربل نکھل بور، ڈی ایف او سندھ فارسٹ ڈویژن گاندربل ، سی ایم او ، تحصیلدار ، سی اے او،اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر گاندربل اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔










