گوسوپلوامہ میںتیز رفتار ڈمفر گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر

35سالہ پرائیویٹ اسکول ٹیچر جاں بحق،نوشہرہ میں راشن سے لداٹرک ندی میں جاگرا،ڈرائیور لاپتہ

پلوامہ ،پونچھ//ضلع پلوامہ کے گوسو علاقے میں پیرکوایک سڑک حادثے میں ایک پرائیویٹ اسکول ٹیچر جاں بحق ہوگیا۔اُدھر جموں ،پونچھ قومی شاہراہ پر چاول کی بوریوں سے لدا ایک ٹرک دوران شب ندی میں گرگیا،جسکے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور کے ازجان ہونے کااندیشہ ہے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق گوسوپلوامہ میں پیر کوایک ڈمفر گاڑی نے ایک موٹر سائیکل کوٹکر ماردی ،جسکے نتیجے میں موٹرسائیکل کونقصان پہنچا اوراس پرسوار پرائیویٹ اسکول ٹیچر 35سالہ منظور احمدوانی ولد غلام احمدوانی ساکنہ گوسوپلوامہ شدیدزخمی ہوگیا۔معلوم ہواکہ خون میں لت پت پرائیویٹ اسکول ٹیچر منظور احمد کو نازک حالت میں ضلع اسپتال پلوامہ پہنچایاگیا،جہاں سے ڈاکٹروں نے اس نوجوان کو صدر اسپتال سری نگر منتقل کیاتاہم وہ صدر اسپتال سری نگرمیں زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ بیٹھا۔پولیس تھانہ راجپورہ پلوامہ نے معاملہ درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی ۔اُدھر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب جموں پونچھ ہائی وے کے ساتھ اناج سے بھرا ایک ٹرک ندی میں گر گیا۔انہوں نے بتایا کہ ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبرPB06Q-7165جس کو جالندھر پنجاب سے ایک سونو نامی ڈرائیورچلا رہا تھا، نوشہرہ کے تاتیا گاؤں کے قریب دریا میں گر گیا۔حکام نے کہاکہ اطلاع ملنے پر، مقامی طور پر تعینات فوج اور پولیس نے اس مقام پر ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہاکہ رات بھر کی کارروائی کے بعد ٹرک کا ملبہ اور راشن کی بوریاں مل گئیں ، جبکہ ڈرائیور کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ لاپتہ ڈرائیور کو تلاش کرنے کے لیے جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔